ضمنی الیکشن میں شکست پر ن لیگی رہنماء جاوید لطیف پھٹ پڑے

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماء وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ نتائج مختلف آئیں تو حکومت ڈسٹرب ہو سکتی ہے ، ریاست کی غلطیوں کا ملبہ جو اٹھائے عوام اسے قبول کرنے کو تیار نہیں ، اس لیے اس کا ملبہ نہیں اٹھائیں گے ، اداروں سے غلطیاں ہوئیں اس کا مداوا کرنا ناگزیر ہے ، نوازشریف کو پورا سچ قوم کے سامنے رکھنا چاہیے ، جب حقائق قوم کے سامنے رکھیں گے تو آئندہ انتخابات میں مخالفین کی ضمانتیں ضبط ہوجائیں گی۔

تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ اب نظریہ ضرورت کو دفن کرنا ہوگا ، حکومت ہار گئی لیکن نوازشریف کا نظریہ جیت گیا ، مسلم لیگ ن ضمنی الیکشن کے نتائج تسلیم کرتی ہے لیکن حقائق عوام کے سامنے لائیں گے، نوازشریف نے قوم میں تحریک پیدا کی، کل کے ضمنی انتخابات میں یہ تحریک نمایاں تھی ، آئندہ انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم و جماعتی فیصلے جماعت میں کریں گے۔

مسلم لیگ ن کے رہنماء نے کہا کہ عمران خان کہہ رہے بند کمروں میں ججز اور جرنیل فیصلے کرتے ہیں تو کیا یہ فیصلے نوازشریف اور مریم نوازشریف کے خلاف فیصلے نہیں آئے؟ عوام نے مینڈیٹ نہیں دیا جن کی غلطیوں سے ملک تباہ ہوا انہیں بیل آؤٹ ملا ، جماعتوں میں اداروں کے لوگ کمپرومائز ہوں گے ، انہیں چلائیں گے تو کل والا ردعمل آئے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی حکومت کا پہلے بھی مینڈیٹ نہیں تھا ، عدم اعتماد سے قومی حکومت بنائی

، اس کا ایک مقصد تھا کہ معیشت کو سہارا دیا جائے کہیں ڈیفالٹ نہ کر جائے ، آج ملک فوری انتخابات کا متحمل ہے یا نہیں خمیازہ قوم بھگتے گی ، جب عمران خان حکومت میں تھا، اس وقت فوری الیکشن ہونے چاہییں تھے اگر سال عمران خان کو دے دیا تو نئے انتخابات سے پارٹی ملک کو سنبھال نہ سکے گی اور تین ماہ میں ریلیف نہ دے سکے گی ، الیکشن کے باوجود پیٹرول و بجلی کی قیمتیں بڑھائیں کیونکہ ریاست و معیشت کو بچانا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں