لوٹوں کو تاحیات نااہل کیا جاتا تو ارکان کو خریدنے کا سلسلہ بند ہوجاتا، عمرا ن خان

لاہور : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ لوٹوں کو تاحیات نااہل کیا جاتا تو ارکان کو خریدنے کا سلسلہ بند ہوجاتا، ہارس ٹرئڈنگ ہمارے سماج کی اخلاقی بنیادوں پر بھی سنگین حملہ ہے، زرداری چوری کے پیسے سے لوگوں کو خریدتا ہے، اسے جیل میں پھینکا جانا چاہئیے۔ انہوں نے ایم پی ایز کی ہارس ٹریڈنگ پر اپنے ردعمل میں کہا کہ جو کچھ اسلام آباد میں ہوا اس کا نظارہ آج لاہور کررہا ہے جہاں ایم پی ایز کو خریدنے کیلئے 50 کروڑ روپے تک کی پیشکش کی جا رہی ہے۔

اس سب کے پیچھے مرکزی کردار زرداری ہے جو اپنی کرپشن پر این آراو لیتا ہے اور چوری کے اس پیسے سے لوگوں کو خریدتا ہے۔ اسے جیل میں پھینکا جانا چاہئیے۔ یہ ہماری جمہوریت پر ہی نہیں بلکہ ہمارے سماج کی اخلاقی بنیادوں پر بھی سنگین حملہ ہے۔

عدالتِ عظمیٰ نے کارروائی کی ہوتی اور ان لوٹوں کو تاحیات نااہل کیا ہوتا تو اس سلسلے کی روک تھام کا کچھ بندوبست ممکن ہوتا۔

کیا تبدیلی سرکار کی امریکی سازش سے آنے والی امپورٹڈ حکومت کے سرپرستوں کو قوم کے اس سنگین نقصان کا کچھ بھی احساس نہیں؟ مزید برآں پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چودھری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے فیصلہ دے دیا کہ تخت لاہور پر تحریک انصاف کا حق ہے، پی ٹی آئی کے پاس 188ممبران ہیں، راولپنڈی کی نشست پر آراو کا فیصلہ کالعدم قرار دیا اور دوبارہ گنتی کا حکم دیا ہے، اسی طرح مظفر گڑھ میں بھی گنتی کرائی جارہی ہے، ہماری نشستیں 190تک ہوجائیں گی۔

پنجاب میں ایک شیطانی کھیل شروع کیا گیا ہے، وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ ٹی وی پر آکر کہتا ہے کہ پانچ لوگ ادھر سے ادھر ہوسکتے ہیں، کوئی مسئلہ نہیں ہے، اسی طرح باقی وزیربھی بات کرتے ہیں، اگر معاملہ بیانات تک رہتا تو کوئی حرج نہیں تھی،مبینہ طور پر ہمارے رحیم یار خان سے ایم پی اے مسعود مجید40کروڑ لے کر ترکی پہنچ گئے ہیں، اس کا ماسٹرمائنڈ آصف زرداری ہے، سپریم کورٹ نے رانا ثناء اللہ کے بیان کا ٹرانسکرپٹ منگوایا ہے

، اب سپریم کورٹ میں غضنفر چینہ، سردار شہاب الدین اور عامر ہے ان تینوں نے سپریم کورٹ میں بیان حلفی جمع کرائے کہ ان کو پیسوں کی آفر کی گئی، عطا تارڑ نے کہا آپ ہماری مدد کریں ، 14لوگوں کیلئے 14ارب چاہیے جس پر عطا تارڑ نے کہا کہ ہم 25کروڑ تک دے سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں