پی ٹی آئی کے مستعفی اراکین کی نشستوں پر الیکشن لڑیں گے؛ رانا ثناءاللہ

اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ہم پی ٹی آئی کے مستعفی اراکین کی نشستوں پر الیکشن لڑیں گے، جب تک تمام صوبائی اسمبلیوں اور قومی اسمبلی میں ایک ہی وقت میں الیکشن نہ ہوں تو عام انتخابات ملک و قوم کے لیے بہتر نہیں ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق جیو نیوز کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی کے جن ممبران کے استعفے منظور کیے وہ کسی نہ کسی حیثیت میں خود پیش ہوئے، اگر دیگر مستعفی ممبران بھی پیش ہوں گے تو ان کے استعفے بھی منظور ہو جائیں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ بنیادی طور پر یہ سیٹیں پی ٹی آئی کی ہیں لیکن اگر ضمنی الیکشن ہوئے تو ہم پی ٹی آئی کے مستعفی اراکین کی نشستوں پر الیکشن لڑیں گے کیوں کہ جب تک تمام اسٹیک ہولڈرز بیٹھ کر بات چیت نہ کریں اور تمام صوبائی اسمبلیوں اور قومی اسمبلی میں ایک ہی وقت میں الیکشن نہ ہوں، الیکشن رولز اور حلقہ بندیوں کے مسائل حل نہ ہوں تو الیکشن کے متنازع ہونے کا خطرہ زیادہ ہے جو ملک و قوم کے لیے بہتر نہیں ہو گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں