’عمران خان کی ٹیلی تھون مہم میں ساڑھے 5 ارب سے زائد رقم جمع‘

اسلام آباد :عمران خان کی ٹیلی تھون مہم میں ساڑھے 5 ارب سے زائد رقم جمع ہو گئی۔ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی ٹیلی تھون مہم میں سیاست دان، فنکاروں اور معروف شخصیات نے شرکت کی۔ نجی ٹی وی چینل اے آر وائے نیور کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی سیلاب زدگان کے لیے ٹیلی تھون مہم میں ڈھائی گھنٹوں کے دوران ساڑھے 5 ارب روپے سے زائد کی رقم جمع ہوگئی۔

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی ٹیلی تھون مہم میں سیاست دان، فنکاروں اور معروف شخصیات نے شرکت کی جن میں وزیر اعلیٰ‌ پنجاب پرویز الٰہی، سابق کرکٹر انضمام الحق، اداکارہ عتیقہ اوڈھو، حمزہ علی عباسی، جاوید شیخ، شان شاہد، رائٹر خلیل الرحمان قمر ، گلوکار سلمان احمد، ابرار الحق ودیگر شامل تھے۔
عمران خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک میں بہت بڑا امتحان ہے سیلاب کی وجہ سے پوراملک متاثر ہے اسی لیے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ پورا ملک مل کراس امتحان کاسامنا کرے۔

عمران خان نے کہا کہ ہمیں بحیثیت قوم اپنے سیلاب متاثرین کی مدد کرنی ہے ہمارے نوجوان رضاکار فورس میں شامل ہوں اور متاثرین کی مدد کریں۔ انہوں نے بتایا کہ ہم ایک کنٹرول روم بنا رہے ہیں جس کے ذریعے رضاکاروں کو گائیڈ کریں گے اور ڈائریکشن دیں گے تاکہ رضاکارمتاثرہ لوگوں تک پہنچیں۔ سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جانی نقصان کی اطلاعات ہیں کہ ایک ہزارسے زائد اموات ہوئیں جبکہ سیلاب سے مالی طور پر تخمینہ لگایا گیا ہے کہ ایک ہزار ارب سے زائد کا نقصان ہوا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں