فوج محب وطن ہے، عمران خان اپنے بیان کی وضاحت خود کریں

پشاور: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ پاک فوج کی حب الوطنی پر کسی قسم کا شک نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے گورنر ہاؤس پشاور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فوج محب وطن ہے، اس حوالے سے کوئی بھی بات کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ تمام ادارے مجھے عزیز ہیں،موجودہ حکومت کے ساتھ بات چیت اور مشاورت ہوتی رہتی ہے۔

ماضی کی حکومت کے ساتھ مشاورت زیادہ تھی۔موجودہ حکومت کے ساتھ مشاورت قدرے کم ہے۔پی ٹی آئی میں رہا، اسی نے صدر بنایا۔سیاسی مفاہمت کے لیے کردار ادا کر رہا ہوں۔امید ہے جلدی پیش رفت ہو گی۔فوری طور پر کوئی ٹائم فریم نہیں دیا جا سکتا۔حکومت اور اپوزیشن میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے پس پردہ اپنے کردار کی ابھی وضاحت نہیں کرنا چاہتا،حکومت اور اپوزیشن میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے کردار ادا کرنا میری ذمہ داری بھی ہے۔

حکومت اور صدر کی ذمہ داری ہے کہ سب کو عزیز رکھے، عارف علوی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کسی بل پر اعتراض ہوتا تو وہ بھی واپس بھیج دیتا تھا،موجودہ حکومت کے بھی دو بل واپس کیے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت سے سے بڑا مسئلہ لوگوں کی نجی گفتگو کو ریکارڈ کرنا ہے۔یہ کیسے ہو سکتا ہے میری اہلخانہ سے گفتگو کو ریکارڈ کرکے سنایا جائے۔صدر مملکت نے کہا کہ یہ سب غیبت میں آ جاتی ہے۔

غیبت اور فیک نیوز پاکستان سمیت عالمی مسئلہ ہے۔ہر فرد کی پرائیویسی ہوتی ہے،کسی کا بھی فون ٹیپ نہیں ہوناچاہیے، صدر مملکت نے کہا کہ صوبوں کے درمیان پانی کا مسئلہ ہے۔پانی کی تقسیم کا طریقہ کار شفاف نہیں۔کالاباغ ڈیم نہ بننے کی بنیادی وجہ باہمی بد اعتمادی ہے، ۔آئی ایم ایف سے ڈیل کے بعد حالات بہتر ہوں گے۔

معاہدے کے بعد دیگر ممالک کا پاکستان پر اعتماد بڑھے گا۔ صحافی نے صدرِ مملکت سے عمران خان کے حالیہ بیان سے متعلق سوال کیا جس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنے بیان کی خود وضاحت کریں،آرمی چیف سمیت تمام فوجی محب وطن ہیں،پاک فوج سیلاب زدگان کی مدد میں مصروف ہے۔پاک فوج کی حب الوطنی پر کسی قسم کا شک نہیں کیا جا سکتا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں