سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں سے پوری دنیا کو آگاہ کر دیا ،شہباز شریف

نیو یارک: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں سے متعلق پوری دنیا کو آگاہ کر دیا ہے،دنیا کو ہمیں ریلیف دینا ہو گا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے نیو یارک میں جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو ذاتی پسند اور ناپسند سے بالا تر ہو کر ہماری مدد کرنا ہو گی۔ہمیں فسکل اسپیس دینا ہو گا تاکہ ہم کروڑوں لوگوں کو ان کے گھروں میں بسا سکیں۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ملک میں سیلاب کے باعث 1500 سے زائد جانیں ضائع ہوئیں اور معیشت کو 30 ارب ڈالر کا نقصان پہنچا۔فوری طور پر ڈونرز کانفرنس کا انتظام کرنا ہو گا۔ دوسری جانب وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی ایم ڈی نے شرائط نرم کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے،آئی ایم ایف نے اگلی قسط کی رقم کا حجم بڑھانے پر بھی آمادگی ظاہر کی۔

جیو نیوز کے مطابق مفتاح اسماعیل نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم اور آئی ایم ایف کی سربراہ سے ملاقات کے بارے میں بتایا کہ عالمی بینک سے اس سال کے آخر تک 2 ارب ڈالر لے لیں گے۔ پورے سندھ کی کپاس تباہ ہو گئی تو امپورٹ کرنا پڑے گی۔ وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ گندم بوئی نہ جا سکی تو گندم بھی منگوانا پڑے گی۔سیلاب کے بعد پاکستان کے حالات بدل گئے ہیں،کپاس اور گندم کی فصلیں تباہ ہوئیں تو ہمیں دونوں چیزیں درآمد کرنا پڑ سکتی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں