لاہور ہائیکورٹ نے مریم نواز کو پاسپورٹ واپس کرنے کا حکم دے دیا

لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے مریم نواز کو پاسپورٹ واپس کرنے کا حکم دے دیا۔عدالت نے مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی کی درخواست منظور کر لی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے درخواست پر سماعت کی۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ لاہور ہائیکورٹ نے مریم نواز کی ضمانت منظور کی تھی۔فیصلے میں کہا گیا کہ مطمئن کرنے کےلیے پاسپورٹ جمع کرایا جائے۔وکیل امجد پرویز نے کہا کہ کیس میں لمبی تاخیر کرنا قانون کے غلط استعمال کے مترادف ہے۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا ہائیکورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دینا ہو گیا یا ترمیم کرنی ہوگی؟وکیل امجد پرویز نے کہا کہ مریم نواز کی اسلام آباد ہائیکورٹ سے میرٹ پر سزا معطل ہوئی اب وہ بری ہو گئی ہیں۔

عدالت سے استدعا ہے کہ عدالت مریم نواز کا پاسپورٹ واپس کرنے کا حکم دے۔چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ نے وکیل سے استفسار کیا کہ وفاقی حکومت کا معاملے پر کیا موقف ہے؟ ڈپٹی اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ ہمیں مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی کی درخواست پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔چیف جسٹس نے قرار دیا کہ وفاقی حکومت نے مریم نواز کی ضمانت کے خلاف اپیل بھی دائر کر رکھی ہے۔

نیب وکیل نے عدالت میں موقف اپنایا کہ مریم نواز کے خلاف کوئی انکوائری زیرالتوا نہیں ہے۔ہمیں مریم نواز یا انکے پاسپورٹ کی ضرورت نہیں ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ سماعت پر نیب نے مریم نواز کی درخواست پر لاہور ہائیکورٹ میں دو صفحات پر مشتمل جواب جمع کرایا۔ نیب نے مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی کی درخواست کی مخالفت نہ کرنے کا فیصلہ کیا اور کہا کہ مریم نواز کا پاسپورٹ نیب کو درکار نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں