عمران خان کے کارکنان سے حلف لینے پر شیری رحمان کی تنقید

اسلام آباد: وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے الزام عائد کیا ہے کہ عمران خان لوگوں کو انتشار کیلئے تیار کر رہے ہیں۔انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے ساتھ مل کر عالمی سطح پر سیلاب زدگان کی امداد اور بحالی کیلئے کام کر رہے ہیں۔ہم سیلاب متاثرین کی بحالی اور امداد میں مصروف ہیں اور پی ٹی آئی عمران بچاو مہم میں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ حکومت اور پی ٹی آئی کی ترجیحات قوم کے سامنے ہیں۔ہماری ساری توجہ سیلاب زدگان کی طرف ہے سیاست کی طرف نہیں۔عمران خان کو معلوم ہے اس بار بھی لوگ ان کی انتشار کی کال پر نہیں نکلیں گے۔عمران خان کو شکست صاف نظر آ رہی ہے۔شیری رحمان نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شکست نظر آتے ہوئے اب رہنماوں اور کارکنان سے حلف لے رہے ہیں۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے حکومت مخالف تحریک کیلئے کارکنوں کے ساتھ حلف اٹھایا۔ خیبر پختونخوا کے وزیراعلی ہاوس میں منعقدہ تقریب میں عمران خان نے حکومت مخالف تحریک کیلیے کارکنوں کے ساتھ حلف اٹھالیا۔اس موقع پر وزیراعلی محمود خان، سابق وزیر دفاع پرویز خٹک اور سابق وزیر علی امین گنڈا پور نے بھی حلف اٹھایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں