ایمنسٹی سکیم کی بھرپور پذیرائی، استفادہ کرنیوالوں کی تعداد 90 ہزار ہوگئی

اسلام آباد : ذرائع ایف بی آر کا کہنا ہے اثاثے ظاہر کرنیکی سکیم سے ہزاروں افراد نے فائدہ اٹھایا، مدت میں توسیع سے تعداد ایک لاکھ افراد تک ہو جانے کا امکان ہے، حکومت نے سکیم کی مدت 3جولائی تک بڑھائی ہے۔ ایک نجی ٹی وی کے مطابق اثاثے ظاہر کرنے کی سکیم کو بھرپور پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔ ذرائع ایف بی آر کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات تک سکیم سے فائدہ اٹھانے والوں کی تعداد نوے ہزار تھی، اثاثے ظاہر ہونے سے حکومتی خزانے کو بیالیس ارب روپے ٹیکس کی مدمیں حاصل ہوئے۔ذرائع کے مطابق سکیم کی مدت حکومت نے 3جولائی تک بڑھائی ہے، سکیم سے فائدہ اٹھانے والوں کی تعداد ایک لاکھ افراد تک ہو جانے کا امکان ہے، سکیم سے ملنے والے ٹیکس کا حجم 70ارب روپے تک ہوجائیگا۔گزشتہ مالی سال حکومت کی ٹیکس وصولیاں مقررہ ہدف سے کم رہیں، ٹیکس وصولیوں کا ہدف4150ارب روپے رکھا تھا جبکہ ٹیکس وصولیوں کا حجم 3820ارب روپے رہا، جو ہدف سے 330ارب روپے کم تھا۔سکیم سے فائدہ اٹھانے والوں میں زیادہ تر افراد پہلے ٹیکس نیٹ میں نہیں تھے، گوشوارے جمع کروانے والوں کی تعداد پہلی بار 20لاکھ سے زائد ہوگی۔دوسری جانب ماہرمعیشت سلمان شاہ کا کہنا ہے ایمنسٹی سکیم سے مزید لوگ فائدہ اٹھاناچاہتے ہیں۔ تین دن توسیع ویک اینڈکی وجہ سے کی گئی، تین جولائی کو آئی ایم ایف کی بورڈمیٹنگ ہوگی۔اس وقت تک آئی ایم ایف کو بھی سکیم سے پاکستان کے نتائج معلوم ہو جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں