چینی کمپنیوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت قبول کرلی

بیجنگ: وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ چین کے دوران چینی کمپنیوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت قبول کرلی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے دورہ چین کے موقع پر پاکستان کے دوست ملک کی صف اول کی کمپنیوں کو پاکستان کے دورے اور یہاں سرمایہ کاری کی دعوت دی، وزیراعظم کی جانب سے10ہزار میگا واٹ شمسی توانائی کے منصوبے پر مل کر کام کرنے کی پیشکش کی گئی،
جس پر چینی کمپنیوں نے کراچی میں پانی کی فراہمی سمیت دیگر منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت قبول کرتے ہوئے پاکستان میں سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا، اس موقع پر وزیراعظم نے گوادر ہوائی اڈے پر کام کی رفتار تیز کرنے اور رواں سال کے آخر تک مکمل کرنے پر اصرار کیا تو چینی کمپنی نے وزیراعظم کو اگلے سال کی ابتداء میں گوادر ہوائی اڈے کی تعمیر کی تکمیل کی یقینی دہانی کرا دی۔

اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ ماضی میں بہت مسائل آئے ہیں جس پر ہم معذرت خواہ ہیں، 11 اپریل کو اقتدار سنبھالنے کے بعد کمپنیوں کو درپیش مسائل حل کیے ہیں، چینی کمپنیوں کوواجب الادا 160 ارب روپے کی ادائیگی کرچکے ہیں، 50ارب روپے گزشتہ روز ادا کردئیے گئے ہیں، 50 ارب روپے سے ریوالنگ فنڈ بنادیا گیا ہے، وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی ہدایت پر ا سٹیٹ بینک نے ریوالونگ اکاونٹ بنادیا۔

انہوں نے کہا کہ ادائیگیوں کے ساتھ ہی مزید 50 ارب روپے اس میں شامل ہوجائیں گے، چینی درآمدی کوئلے کی ادائیگیوں میں ماضی میں مسائل آئے جس پر افسوس ہے، دیامیر بھاشا منصوبے میں اراضی کے حصول کے مسائل کو حل کریں گے، چینی باشندوں کی ہلاکت کے واقعات پر بے حد دکھ اور افسوس ہے، مجرموں کو گرفتار کرلیاگیا اور انہیں مثالی سزا ملے گی، چینی باشندوں کو بہترین سکیورٹی دینے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں