عمران خان پر قاتلانہ حملہ، کارکن سڑکوں پر نکل آئے، پولیس کیساتھ تصادم

اسلام آباد، لاہور: سابق وزیراعظم عمران خان پر وزیر آباد میں لانگ مارچ کے دوران حملے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کی جانب سے کال دیئے جانے پر کارکن سڑکوں پر نکل آئے، اس دوران پولیس اور کارکنوں میں تصادم ہوا۔

مری روڈ بند

اسلام آباد پولیس کے مطابق احتجاج کی وجہ سے مری روڈ پر فیض آباد سے پہلے ٹریفک کا رخ موڑ دیا گیا ہے اور متبادل کے طور پر اسلام آباد ہائی وے اور سٹیڈیم روڈ استعمال کی جا سکتی ہے۔

فیض آباد میں مظاہرین پر شیلنگ

راولپنڈی میں فیض آباد کے مقام پر سکیورٹی اہلکاروں اور مظاہرین میں تصادم کے بعد آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی ہے اور پولیس نے دو مظاہرین کو حراست میں لے لیا ہے۔

اسلام آباد پولیس:

اسلام آباد پولیس نے اپنے ایک بیان میں بتایا ہے کہ فیض آباد کے مقام پر راولپنڈی کی جانب مظاہرین جمع ہیں جن میں کچھ لوگ ڈنڈے، غلیلیں اور پتھر اٹھائے ہوئے ہیں۔ ان مظاہرین میں اسلحہ بردار بھی موجود ہو سکتے ہیں جبکہ راولپنڈی سے مظاہرین اسلام آباد پولیس پر پتھراؤ کر رہے ہیں۔ راولپنڈی انتظامیہ مظاہرین کو غیر قانونی عمل سے روکے۔

پولیس نے بتایا ہے کہ مظاہرین میں کم عمر بچے بھی موجود ہیں اور عوام پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو کسی بھی ’غیر قانونی عمل‘ کا حصہ بننے سے روکیں۔

کراچی:

عمران خان پر قاتلانہ حملے کے بعد شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پی ٹی آئی کارکنوں نے شدید احتجاج کیا اور حکومت مخالف نعرے بازی کی، اس دوران پولیس اور کارکنوں کے درمیان تصادم ہوا۔ متعدد کارکنوں کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔

حافظ آباد:

حافظ آباد میں بھی چیئرمین تحریک انصاف پر قاتلانہ حملے کے خلاف کارکنوں کا شدید احتجاج کیا اور کارکنوں نے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ، شہباز شریف کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور فوارہ چوک میں ٹریفک بلاک کر دی۔

گجرات:

گجرات ، لالہ موسیٰ، کھاریاں، سرائے عالمگیر سمیت ضلع کے مختلف علاقوں میں پی ٹی آئی کارکنوں نے شدید احتجاج کیا، ضلع بھر میں جی ٹی روڈ مختلف مقامات پر ٹریفک کے لئے بند کر دیئے گئے، مشتعل کارکنوں نے شاہین چوک بائی پاس روڈ بلاک کر دیا اور نعرے بازی کی، ٹریفک بند ہونے سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

لاہور:

گورنر ہاؤس پنجاب کے دروازے پر پی ٹی آئی کارکنوں کے احتجاج اور آتش زنی کا سلسلہ کافی دیر تک جاری رہنے کے بعد اب پولیس نے وہاں سے مظاہرین کو منتشر کر دیا ہے تاہم مظاہرین اب بھی مال روڈ پر جمع ہیں اور سڑک بلاک کیے ہوئے ہیں۔ گورنر ہاؤس پنجاب کے گیٹ پر پی ٹی آئی پرچم دوبارہ لگا دیا گیا

پشاور:

انصاف لائیر فورم کی جانب سے پشاور میں عمران خان پر حملے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے حکومت کے خلاف سخت نعرے بازی کی گئی۔ احتجاجی مظاہرے کی قیادت پشاور بار ایسوسی کے صدر علی زمان نے کی جہاں تحریک انصاف کے وکلاء نے وفاقی حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے عمران خان اور لانگ مارچ کے شرکا پر حملے کی مذمت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں