آرمی چیف تعیناتی: پی ٹی آئی رہنماؤں کو تبصرے سے گریز کی ہدایت

اسلام آباد :چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان نے آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے پی ٹی آئی رہنماؤں کو تبصرے سے گریز کی ہدایت کر دی۔جنگ اخبار کی رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی نے اس حوالے سے ایک طے شدہ حکمت عملی کے تحت اپنے رہنماؤں کو کسی قسم کا تبصرہ، بیان یا اس موضوع پر میڈیا سے گفتگو کرنے اور پارٹی کا موقف دینے سے سختی سے منع کر دیا۔
عمران خان کی جانب سے تمام پارٹی رہنماؤں اور متعلقہ عہدیداروں کو واضح طور پر ہدایات جاری کر دی گئیں ہیں۔رپورٹ کے مطابق یہ ہدایات گذشتہ روز عمران خان کی سربراہی میں ہونے والے رہنماؤں کے ااجلاس میں دی جانے والی ہدایات کے حوالے سے ایک فیصلہ تھا۔ دوسری جانب آئی ایس پی آر نے بھی آرمی چیف کی تعیناتی کی سمری وزارت دفاع کو بھیجنے کی تصدیق کی ،سمری میں 6 سینئر ترین لیفٹیننٹ جنرلز کے نام شامل ہیں۔
سمری میں شامل ناموں میں سے چیف آف آرمی سٹاف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی منتخب کیے جائیں گے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے ٹویٹر پر بتایا کہ جی ایچ کیو نے چیف آف آرمی سٹاف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کی تعیناتی کیلئے سمری وزارت دفاع کو بھیج دی۔ سمری میں سب سے پہلا نام لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کا ہے جبکہ دوسرا لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد کا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں