روس سے تیل خریدنے کے معاملے پر اہم پیش رفت

اسلام آباد :روس سے سستا خام تیل خریدنے کے معاملے پر پاکستانی وفد ماسکو روانہ ہو گیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستانی وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک کی سربراہی میں وفد لاہور ایئرپورٹ سے روانہ ہوا جس میں سیکرٹری پٹرولیم محمد محمود سمیت دیگر حکام بھی شامل ہیں۔پاکستان اور روس کے درمیان پاکستان سٹریم گیس پائپ لائن پر کام جلد شروع کرنے سے متعلق بھی بات ہو گی۔

پاکستان سٹریم گیس پائپ لائن کراچی سے لاہور کے قریب تک تعمیر ہونی ہے اور پاکستان سٹی گیس پائپ لائن کا پرانا نام نارتھ ساؤتھ پائپ لائن ہے۔ پاکستان اور روس کے درمیان توانائی کے شعبے میں ہونے والے منصوبوں پر آئندہ ماہ بریک تھرو کا امکان ہے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق روس سے پیٹرولیم مصنوعات، خام تیل، گیس اورپائپ لائن منصوبے کی راہ ہموار ہوگئی ہے کیونکہ ملکی ریفائنریوں نے روسی خام تیل سے پٹرولیم مصنوعات تیار کرنے پر آمادگی ظاہر کردی۔

اس ضمن میں وزیر مملکت برائے پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے اسٹریٹجک اجلاس کیلئے تجاویز طلب کیں تھیں۔ پیٹرولیم کمپنیوں کو اجلاس میں کاغذی کارروائی مکمل کر کے پیش کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ روس سے بہتر معاہدہ ہونے کی صورت میں پاکستان کو سالانہ 2ارب ڈالر سے زائد بچت ہوسکتی ہے جبکہ روس سے پیٹرولیم مصنوعات خریدنے سے زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ بھی کم ہوجائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں