پنجاب اسمبلی کی تحلیل :ن لیگ کا 2 آپشنز اکٹھے استعمال کرنے کا امکان

لاہور : تحریک انصاف کی جانب سے پنجاب اسمبلی کی تحلیل یا اسمبلی سے نکلنے کے اعلان کے بعد ن لیگ سمیت حکمران اتحاد کی جماعتیں متحرک ہو گئیں، ن لیگ کی جانب سے پنجاب اسمبلی کی تحلیل روکنے کے لیے 2 آپشنز اکٹھے استعمال کرنے کا امکان ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق یکم دسمبر کو گورنر کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ کو اعتماد کے ووٹ کے لیے کہا جائے گا۔

ایک سے دو گھنٹے کے وقفے سے لیگی ایم پی اے تحریک عدم اعتماد جمع کرائیں گے۔پارٹی قیادت کی جانب سے ہدایات جاری کر دی گئیں۔جبکہ مسلم لیگ ن نے پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے معاملے پر اپنے ارکان اسمبلی کو فوری طور پر لاہور پہنچنے کی ہدایت کر دی۔ن لیگ نے اپنے ارکان اسمبلی کو پارٹی سے مکمل رابطے میں رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام ارکان پنجاب اسمبلی تاحکم ثانی صوبائی دارالحکومت ہی میں قیام کریں۔

مسلم لیگ ن کی قیادت نے پارٹی عہدے داروں کو اتحادی جماعتوں کے ارکان سے بھی رابطے میں رہنے کی ہدایت کی۔پارٹی قیادت نے متحدہ اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے آزاد اراکین پنجاب اسمبلی کو بھی لاہور پہنچنے کی درخواست کر دی ہے۔ مسلم لیگ ن کی اعلٰی قیادت نے مزید کہا کہ ضرورت پڑی تو تمام ارکان کو کسی ایک ہوٹل میں اکٹھا رہنے کی ہدایت بھی کی جا سکتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں