روس سے تیل کی خریداری پر سوالیہ نشان لگ گیا

لاہور : روس سے تیل کی خریداری پر سوالیہ نشان لگ گیا، کچھ عرصہ قبل ایک پاکستانی ریفائنری کو روس سے تیل کی خریداری کی کوششوں میں ناکامی ہونے کا انکشاف، امریکی پابندیوں کی وجہ سے پاکستانی بینکوں کا لیٹرز آف کریڈٹ کھولنے سے صاف انکار۔ ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت نے روس سے گندم خریداری کا فیصلہ کیا تھا، جس پر عملدرآمد اب کھٹائی میں پڑ گیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ یوکرین جنگ کے باعث امریکا کی روس پر عائد کی گئی پابندیوں کی وجہ سے پاکستانی بینکوں کو خطرہ ہے کہ اگر روس سے گندم خریداری کیلئے لیٹر آف کریڈٹ کھولے گئے تو ان بینکوں کو امریکی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ریگولیٹری خلاف ورزیوں پر دو پاکستانی بینکوں پر امریکا میں پہلے ہی جرمانہ عائد کیا جاچکا ہے، اس وجہ سے بھی پاکستانی بینک محتاط رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ روس پاکستان کو سستا تیل فراہم کرنے کیلئے راضی ہو گیا ہے، تاہم کچھ عرصہ قبل ہی ایک پاکستانی ریفائنری کو روس سے تیل خریدنے کی کوششوں میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ امریکا اور روس کے مابین بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث پاکستانی بینکوں نے لیٹرز آف کریڈٹ کھولنے سے انکار کردیا تھا، جس کے باعث پاکستانی ریفائنری روس سے تیل نہ خرید سکی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں