جاپان نے پاکستان کا قرض موخر کرنے کی درخواست منظور کرلی

اسلام آباد: جاپان نے پاکستان کا قرض موخر کرنے کی درخواست منظور کرلی، جاپان کی جانب سے پاکستان کے ذمے موخر قرضوں کی کل رقم 73 کروڑ ڈالرز تک پہنچ گئی۔ تفصیلات کے مطابق جاپان نے پاکستان پر واجب الادا قرضوں کی ادائیگی موخر کرنے کی درخواست منظور کرتے ہوئے مزید مہلت دے دی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جاپان اور پاکستان کی حکومتوں نے جی 20 ڈیبٹ سروس سسپنشن انیشیٹو کے تیسرے اور آخری مرحلے کے طور پر 16 کروڑ ڈالرز کے قرض کی التوا پر اتفاق کیا ہے۔

اس حوالے سے پاکستان میں جاپانی سفارت خانے سے جاری بیان کے مطابق پاکستان کے ذمے موخر قرضوں کی کل رقم اب 730 ملین ڈالرز تک پہنچ گئی ہے۔ قرضوں کی واپسی موخر ہونے سے حکومت پاکستان کو کرونا، وبائی امراض اور سیلاب سے متاثرہ اپنی معیشت کو بحال کرنے کے لیے مالی سہولت ملے گی۔

اس سے پہلے دونوں حکومتوں نے ڈیبٹ سروس سسپنشن انیشیٹو اقدام کے تحت، اپریل 2021 میں 370 ملین ڈالرز، اکتوبر 2021 میں 200 ملین ڈالرز قرض کی التوا پر اتفاق کیا تھا۔

قرض کی التوا کے علاوہ جاپانی حکومت نے پاکستان میں جون کے وسط سے آنے والی سیلاب کی تباہی سے ہونے والے نقصان کے جواب میں پاکستان کو 7 ملین ڈالرز کی ہنگامی گرانٹ بڑھانے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں 1990 کی دہائی کے اوائل سے لے کر 2010 کی دہائی کے وسط تک رعایتی قرضے، جو کہ قرض کی التوا سے مشروط ہیں، بنیادی ڈھانچے کی ترقی جیسے کہ سڑکوں، سرنگوں، پاور پلانٹس اور گرڈز، آبپاشی، پانی کی فراہمی، اور نکاسی آب کی سہولیات کے لیے استعمال ہوتے رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں