عدم اعتماد کا نتیجہ 2 سے 3 روز میں آ جائے گا،خواجہ آصف

اسلام آباد: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ عمران خان نے اسمبلیوں کی تحلیل کا آخری کارڈ کھیلا،عدم اعتماد کا نتیجہ دو سے تین روز میں آ جائے گا۔توشہ خانہ میں ہر روز نئے انکشاف ہو رہے ہیں اور چیئرمین پی ٹی آئی کے گرد قانون کا گھیرا آہستہ آہستہ تنگ ہو ہور ہا ہے۔ خواجہ آصف نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عمران خان کے پیروں تلے سے زمین کھسک رہی ہے اور وہ ہماری تاریخ کا افسوسناک کردار ہے،ایسے لوگ ایوان میں پہنچے جنہیں اقتدار کی ہوس تھی۔

اس وقت عمران خان بڑی عجیب حالت میں ہے،سابق وزیر اعظم اپنے محسنوں کو گالیاں دیتا ہے اور وہ محسن کش شخص ہے۔ وفاقی وزیر دفاع نے کہا کہ آپ حکومت یا اقتدار نہیں سنبھال سکے تو جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ کا کیا قصور ہے؟عمران خان اس وقت بھی چاہتے ہیں ملک زخمی حالت میں رہے،ان کے ارادے ہیں کہ حکومت رہے تو ملک رہے ورنہ بھاڑ میں جائے۔

انکا مزید کہنا تھا کہ مہنگائی میں کمی کیلئے حکومت جامع حکمت عملی بنا رہی ہے،مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے ایک پیکیج لا رہے ہیں۔

3 سے 4 سال پی ٹی آئی مصیبت کی طرح گلے پڑی اگر زیادہ عرصہ رہتی تو پتہ نہیں کیا ہوتا۔ قبل ازیں ر خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان احسان فراموش اور اقتدار کا بھوکا شخص ہے،نوجوان اس سے اُمید نہ رکھیں۔انہوں نے کہا کہ خواہشات کی شدت انسان کو رسوا کر دیتی ہے اور عمران خان اقتدار کا بھوکا ہے جو 10 سال تک وزیراعظم بننے کے خواب دیکھ رہا تھا لیکن پھر عدم اعتماد کی تحریک کے نتیجے میں پی ڈی ایم کی حکومت آ گئی اور شہباز شریف وزیراعظم بنے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ملک میں سیاسی مدوجزر ہمارے سامنے ہے،عمران خان نے4 سال میں ملک کو مہنگائی کی بھٹی میں بھون دیا،یہ کہتا تھا کہ خود کشی کرلوں گا مگر قرضے نہیں لوں گا لیکن ملکی تاریخ میں اتنا قرضہ نہیں لیا جتنا پچھلی حکومت میں لیا اور جب ہمیں حکومت ملی تو معیشت زبوں حالی کا شکار تھی،کوشش ہوگی گزشتہ 4 سال کی مہنگائی کے آگے بند باندھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں