وفاقی حکومت نے معیشت کی بحالی کے لیے منصوبہ تیار کر لیا

اسلام آباد : وفاقی حکومت نے معیشت کی بحالی کے لیے منصوبہ تیار کر لیا۔جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق حکومت نے پٹرولیم لیوی 70 روپے سے بڑھا کر 100 روپے فی لیٹر کرنے کا منصوبہ بنا لیا۔منصوبے کی تفصیلات گذشتہ روز قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں پیش کی گئیں۔مجوزہ منصوبے کے تحت ٹارگٹڈ سبسڈی معاشرے کے صرف کم آمدن طبقے کو دی جائے گی جبکہ پٹرولیم مصنوعات اور گیس پر لیوی 70 سے 100 روپے فی لیٹر کرنے کی تجویز ہے۔
جبکہ عام دکانداروں اور تاجروں پر اضافی ٹیکس عائد کرنے کی تجویز بھی معاشی بحالی منصوبے کا حصہ ہے۔مجوزہ منصوبے کے مطابق صوبوں کو منتقل کیے جانے والے فنڈز گیس اور بجلی کے شعبے میں لائن لاسز سے منسلک کر دئیے جائیں گے۔جبکہ پٹرول، بجلی اور گیس کی راشننگ کے ذریعے جاری کھاتوں کا خسارہ پورا کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر کا تعین مارکیٹ کی بنیاد پر کرنے کی تجویز معاشی بحالی منصوبے میں شامل ہے۔

مقامی اور غیر ملکی قرض کی ری اسٹرکچرنگ کی بھی تجویز معاشی بحالی کے منصوبے کا حصہ ہے۔ملکی معیشت کی بہتری کے لیے 10 سالہ جامع منصوبہ تیار کیا جائے گا۔منصوبہ دوست ممالک سے شئیر کرکے اسٹرکچرڈ سپورٹ مانگی جائے گی۔ان ممالک میں چین، یو اے ای، سعودی عرب ، یورپی یونین، قطر اور اورمیکا شامل ہیں۔جبکہ وزیراعظم نے گزشتہ روز ہونے والے قومی سلامتی کمیٹی کے طویل اجلاس کے بعد بیان جاری کیا ہے۔
شہباز شریف نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی نے طویل غور کے بعد کچھ بڑے فیصلے کئے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست اپنی رٹ برقرار رکھنے کے لیے دہشت گردوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائے گی جبکہ اقتصادی روڈ میپ سے معیشت بحال ہو گی اور لوگوں کو ریلیف ملے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں