پرویز الٰہی اعتماد کا ووٹ لینے میں کامیاب،نواز شریف پارٹی کی صوبائی قیادت پر برہم

اسلام آباد: وزیراعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی اعتماد کا ووٹ لینے میں کامیاب،نواز شریف اور مریم نواز ن لیگ کی صوبائی قیادت پر شدید برہم ہو گئے۔ میڈیا رپورٹس میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ پارٹی کو آگاہ کیا گیا تھا کہ کم سے کم 7 پی ٹی آئی ارکان رابطوں میں ہیں،قائد مسلم لیگ ن نواز شریف نے وزیراعلٰی کے اعتماد کے ووٹ کے معاملے پر فوری تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

نواز شریف نے استفسار کیا کہ ناراض ارکان کیسے ووٹنگ کے لیے پہنچے،مینج کیوں نہیں ہوا؟ رانا ثناء اللہ نے نواز شریف اور مریم نواز کو معاملے پر ابتدائی رپورٹ پیش کی۔ پارٹی ذرائع کے حوالے سے مزید بتایا گیا ہے کہ اگر مریم نواز فوری وطن واپس نہیں آتیں تو ن لیگ کو نقصان ہو گا،رانا ثناء اللہ نے مریم نواز کی فوری وطن واپس کی تجویز دے دی۔

یاد رہے کہ وزیراعلٰی پنجاب نے اعتماد کا ووٹ حاصل کر لیا۔

پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق کی اتحادی حکومت پنجاب اسمبلی سے اپنے وزیر اعلٰی کو اعتماد کا ووٹ دلوانے میں کامیاب ہو گئی۔ چوہدری پرویز الہٰی کو پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں اعتماد کے ووٹ کیلئے 186 ووٹ پڑے، اسپیکر صوبائی اسمبلی نے اجلاس کے دوران ووٹنگ ختم ہونے کے بعد اعلان کیا کہ وزیر اعلٰی پنجاب کو اعتماد کے ووٹ کیلئے کل 186 ووٹ ملے،یوں چوہدری پرویز الہٰی پنجاب کے وزیر اعلٰی برقرار رہنے میں کامیاب ہو گئے۔

اعتماد کے ووٹ کیلئے ووٹنگ سے قبل پنجاب اسمبلی اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی پر اعتماد کے ووٹ کی قرارداد پیش کی گئی، دوران اجلاس اسمبلی میں ہنگامہ آرائی بھی ہوئی۔ اعتماد کے ووٹ کی قرارداد میاں اسلم اقبال اور راجہ بشارت کی جانب سے پیش کی گئی۔ اسپیکر سبطین خان نے کہا کہ آج اعتماد کے ووٹ کی قرارداد کے علاوہ کوئی بزنس نہیں ہوسکتا، ایوان میں پانچ منٹ کے لیے ایوان سے باہر موجود ارکان کو بلانے کے لیے گھنٹیاں بجائی گئیں۔ بعدازاں وقت مکمل ہونے پر ایوان کے دروازے بند کردیے گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں