منڈی بہاء الدین میں جلسہ ضرور ہوگا، مریم نواز ڈٹ گئیں

سرگودھا: انتظامیہ نے مریم نواز کو منڈی بہاؤالدین میں جلسے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا جب کہ مریم نواز کا کہنا ہے کہ جلسہ ضرور ہوگا۔

حکومت نے منڈی بہاؤالدین کے قائداعظم گراؤنڈ میں ن لیگ کو جلسے کی اجازت دینےسےانکار کردیا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی خطرات کے پیش نظر ن لیگ کو دوسری جگہ اسٹیڈیم میں جلسہ کرنے کا کہا جا رہا ہے۔ پولیس نے قائداعظم گراؤنڈ میں کرسیاں لگانے والے مزدوروں اور ن لیگی کارکنوں کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔

دوسری طرف ن لیگ نے ہر صورت جلسہ کے انتظامات کا فیصلہ کر لیا جس کے لیے لیگی رہنما کیپٹن (ر) صفدر نے منڈی بہاؤالدین کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے اعلان کیا کہ حکومت نے اجازت نہ بھی دی تو جلسہ ہر صورت ہوگا۔
مریم نواز نے ٹوئٹر پر کہا ہے کہ جعلی حکومت کی مریم نواز سے تو جان جاتی ہی ہے مگر اسے اصل خوف نواز شریف کے پیچھے کھڑی عوامی طاقت کا ہے، میں اتوار کو منڈی بہاؤ الدین ضرور جاؤں گی۔ انشاءاللہ۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا تارڑ نے کہا کہ عمران خان کہتے تھے کہ احتجاج کے لئے کنٹینرز دینگے لیکن اب وہ کنٹینرز کدھر گئے، منڈی بہاؤالدین میں جلسہ ہونے نہیں دے رہے اور گرفتاریاں ہو رہی ہیں۔

کیپٹن (ر) صفدر نے ٹبہ مانک بوسال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیازی حکومت کے دن گنے جاچکے جس کیلئے مریم نواز حکومت کے خلاف منڈی بہاؤالدین سے احتجاج کا آغاز کریں گی اور 7 جولائی کا جلسہ مہنگائی کا سونامی لانے والوں کے آگے بند باندھے گا ۔

اس موقع پر ایم این اے سمیت بوسال برادری نے 7 جولائی کو مریم نواز کے منڈی بہاؤالدین کے جلسہ میں بھرپور شرکت کا اعلان کیا ۔ مریم نواز کی بذریعہ موٹر وے آمد پر سالم انٹر چینج سرگودھا میں لیگی کارکن ان کا شاندار استقبال کریں گے اور جلوس کی شکل میں جلسہ گاہ منڈی بہاؤالدین لیجایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں