ن لیگ نے پنجاب اور خیبر پختو نخوا کیلئے پارلیمانی بورڈز تشکیل دے دیے

اسلام آباد : پنجاب اور خیبر پختو نخوا میں انتخابات کا معاملہ،مسلم لیگ ن نے پنجاب اور خیبر پختو نخوا کیلئے پارلیمانی بورڈز تشکیل دے دئیے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب کیلئے 32 رکنی اور خیبر پختو نخوا کیلئے 30 رکنی پارلیمانی بورڈز تشکیل دیا گیا ہے،سابق وزیراعظم نواز شریف پارلیمانی بورڈز کی سربراہی کریں گے۔
وزیراعظم اور ن لیگ کے صدر شہباز شریف بھی پارلیمانی بورڈز میں شامل ہیں،بورڈز پنجاب اور کے پی پارٹی امیدواروں کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ کریں گے۔ شہباز شریف نے 9 مارچ کو پارٹی ٹکٹس کیلئے درخواستیں جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن نے پنجاب میں انتخابات کے سلسلے میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تفصیلات جاری کر دیں،پنجاب اسمبلی کے انتخابات کیلئے 8 ہزار 422 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق مخصوص نشستوں پر793 امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے،خواتین نے مخصوص نشستوں کیلئے623 اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کیلئے 170 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے۔ الیکشن کمیشن نے کہا کہ اٹک کے 4 حلقوں پر 128 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے،راولپنڈی کے 15 حلقوں پر 499 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ اس کے علاوہ چکوال کے 4 حلقوں پر 100 امیدواروں اور گجرات کے 7 حلقوں پر 187 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جبکہ اسی طرح سیالکوٹ کے 11 حلقوں پر 420 امیدواروں اور نارووال کے 5 حلقوں پر 143 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں