عمران خان کی حکومت چار سے پانچ ماہ میں جانے والی ہے، آصف زرداری

اسلام آباد: سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ خبر یہ ہے کہ عمران خان کی حکومت جا رہی ہے جبکہ ڈالر کی قیمت جس طرح بڑھ رہی ہے لگتا ہے دو سو تک جائے گا۔

اسلام آباد میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے صنعت و پیداوار کا اجلاس ہوا جس میں آصف علی زرداری نے پروڈکشن آرڈرز پر شرکت کی۔

حکام صنعت و پیداوار نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسٹیل ملز تین سال سے بند پڑی ہوئی ہے، اسے نجی شعبہ کے حوالے کرنے کی تجویز ہے۔
سیکرٹری پیداوار نے کہا کہ وزیراعظم چاہتے ہیں کہ اسٹیل ملز کو مکمل طور پر فروخت نہ کیا جائے، اس کا انتظام نجی شعبے کو دیا جائے مگر اکثریتی شیئرز اپنے پاس رہیں، اسٹیل ملز کو اس حال تک پہنچانے والوں کا احتساب ہونا چاہیے۔

سابق صدر آصف زرداری نے کہا کہ اسٹیل ملز سندھ کا اثاثہ ہے، اس کی زمین کی ہی مالیت بہت زیادہ ہے، اسے سندھ حکومت کو دیا جا سکتا ہے اور چینی سرمایہ کاروں کی مدد سے چلایا جا سکتا ہے، اسے پبلک پرائیویٹ شراکت داری کے تحت چلایا جائے، جو بھی سرمایہ کاری کرے گا ڈالر کی قیمت کو دیکھ کر ہی کرے گا، ڈالر کی قیمت جس طرح بڑھ رہی ہے لگتا ہے دو سو تک جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں