وزیراعظم عمران خان کا دورہ امریکا میں پاکستانی سفیر کے گھر قیام کا فیصلہ

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے دورہ امریکا میں پاکستانی سفیر کے گھر قیام کا فیصلہ کیا ہے تاہم امریکی سیکیورٹی حکام نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے دورہ امریکا کے دوران پاکستانی سفیر کے گھر قیام کا فیصلہ کیا ہے جب کہ وزیراعظم کے فیصلے پر امریکی سیکیورٹی حکام نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی سفیر کے گھر سے آمدورفت میں شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ صدارتی مہمان خانے بلیئر ہاؤس کی تزئین و آرائش کی وجہ سے امریکی حکام نے عمران خان کو ہوٹل میں ٹھہرانے کی پیشکش کی ہے۔

وزیراعظم عمران خان 21 جولائی کو امریکا پہنچیں گے جہاں وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ون آن ون ملاقات کریں گے، اسکے علاوہ وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر کے درمیان وفود کی سطح پر بھی ملاقات ہوگی، وزیراعظم عمران خان 23 جولائی کو امریکا میں پاکستانی بزنس کمیونٹی سے ملاقات کریں گے۔ اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان سے امریکی سینیٹرز اور کانگریس ارکان کی ملاقات بھی طے کی جارہی ہے۔
وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر خزانہ حفیظ اور مشیر تجارت رزاق داؤد کے بھی امریکا جانے کا پروگرام ہے، وزیراعظم چھوٹے خصوصی جہاز کے ذریعے امریکا جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں