قیامت تک دشمن پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا،وزیراعظم

پشاور: وزیراعظم کا کہنا ہے کہ قیامت تک دشمن پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا،9 مئی کے واقعات میں ملوث شرپسند عناصر کو قانون کے مطابق ضرور سزا ملے گی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ریڈیو پاکستان پشاور کے دورے پر خطاب میں کہا ہے کہ ریڈیو پاکستان پشاور میں اپریل اور مئی کی تنخواہیں نہیں مل سکیں،فی الفور تنخواہوں کی ادائیگی کا اعلان کرتا ہوں۔
اس عمارت سے 1947 کو آزادی کی صدائیں بلند ہوئیں،جس ریڈیو سینیٹر سے آزادی کی صدائیں بلند ہوئیں اسے جلا دینا کہاں کی حب الوطنی؟۔ انہوں نے کہا کہ یہاں سے پوری دنیا کو بتا دیا گیا کہ پاکستان معرضِ وجود میں آ چکا ہے،9 اور 10 مئی کو دلخراش واقعات رونما ہوئے،اس سے بڑھ کر ملک دشمنی نہیں ہو سکتی کہ ریڈیو پاکستان پشاور میں چاغی کی یادگار کو راکھ بنا دیا گیا۔
چاغی کی یادگار دفاعی قوت کا شاہکار تھی،قومیں اپنی تاریخی ورثے کو جان سے زیادہ عزیز رکھتی ہیں۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے یہ کام کیا ان میں اور دہشت گردوں میں کیا فرق ہے؟ جو کام ہمارا ازلی دشمن نہ کر سکا اپنوں نے دہشت گرد بن کر یہ واقعات سر انجام دئیے۔ قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ 9 مئی نے پاکستان کے محافظوں،معماروں اور اسے کمزور کرنے والوں کے درمیان تقسیم کی لکیر کھینچ دی ہے۔
قوم اپنے ہیروز، غازیوں اور شہدا کو شاندار خراج عقیدت پیش کرنے اور ان کے خاندانوں کے ساتھ اپنی غیر متزلزل اظہار یکجہتی کیلئے یوم تکریم شہدا پاکستان انتہائی عقیدت کے ساتھ منا رہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ان لوگوں کے کیا ارادے تھے جنہوں نے ان واقعات کی منصوبہ بندی کی،پوری قوم نے دیکھا کہ کس طرح بعض لوگوں کی اقتدار کی ہوس نے انہیں وہ کام کرنے پر مجبور کیا جو پہلے کبھی نہیں ہوا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں