میں اٹک جیل میں ایڈجسٹ ہو گیا ہوں،عمران خان

اٹک: عمران خان نے عدالت کے روبرو اٹک سے اڈیالہ جیل منتقل نہ کرنے کا بیان دے دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف اٹک جیل میں سائفر کیس کی سماعت ہوئی۔ ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ عمران خان نے عدالت کے روبرو بیان دیا کہ اڈیالہ جیل منتقل نہیں ہونا چاہتا،میں اٹک جیل میں ایڈجسٹ ہو گیا ہوں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ مجھے اٹک سے اڈیالہ جیل نہ منتقل کیا جائے،میں اپنے وکلاء سے کہوں گا درخواست واپس لے لیں۔ جبکہ سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے سائفر کیس کی سماعت کی۔ لطیف کھوسہ اور نعیم پنجوتھا سمیت چیئرمین پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم میں شامل دیگر وکلاء عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے ایف آئی اے کو جلد چالان جمع کروانے کا حکم دے دیا۔

سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت نے عمران خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 10 اکتوبر تک توسیع کر دی۔ جبکہ وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کو اسلام آباد کے جوڈیشل کمپلیکس میں سائفر کیس کے سلسلے میں پیش کیا گیا،عدالت نے شاہ محمود قریشی کے جوڈیشل ریمانڈ میں بھی 10 اکتوبر تک توسیع کر دی۔ خیال رہے کہ اس سے قبل سائفر کیس میں عمران خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کی گئی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں