’لیول پلیئنگ فیلڈ تو دور ہمیں تو پلیئنگ فیلڈ ہی نظر نہیں آرہی‘ پی ٹی آئی کا شکوہ

اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف نے شکوہ کیا ہے کہ لیول پلیئنگ فیلڈ تو دور کی بات ہے ہمیں تو پلیئنگ فیلڈ ہی نظر نہیں آرہی۔ جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما حامد خان نے کہا کہ بے بسی کا عالم یہ ہے کہ صدر مملکت کو نگران وزیراعظم سے درخواست کرنا پڑ رہی ہے، اُن کو درخواست نہیں بلکہ واضح آرڈر دینا چاہیئے تھا کیوں کہ اگر اس وقت کسی بھی سیاسی، آئینی عہدیدار کے پاس کوئی اختیار یا قانونی حیثیت ہے تو وہ صرف صدر کے پاس ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کے نام خط لکھا ہے، صدر مملکت نے نگران وزیر اعظم کو بنیادی حقوق اور ہموار سیاسی میدان کے حوالے سے پاکستان تحریک ِ انصاف کے خدشات پر غور کرنے کا کہا، صدر مملکت نے پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب خان کی جانب سے صدر کو خط بھی نگران وزیر اعظم کو ارسال کیا۔
صدر عارف علوی نے خط میں کہا کہ آئندہ انتخابات میں تمام رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو مساوی حقوق اور مواقع فراہم کرنے کی نگران حکومت کی پالیسی پرآپ کے حالیہ بیانات باعثِ اطمینان ہیں، نگران حکومت کا غیر جانبدار اکائی کے طور پر تمام سیاسی جماعتوں کو ہموار میدان فراہم کرنا بےحد اہم ہے، پختہ یقین ہے کہ جمہوریت ہی پاکستان کے عوام اور ریاست کیلئے آگے بڑھنے کا مناسب راستہ ہے، عوام کا سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینا اور آزاد میڈیا کے ذریعے رائے کا اظہار کرنا ہی جمہوریت کی روح ہے، آزادانہ ، منصفانہ اور مستند الیکشن پر پورے پاکستان میں اتفاق ہے، تمام سیاسی جماعتوں اور رہنماؤں کو الیکشن میں حصہ لینے اور عوام کو انہیں منتخب کرنے کا حق ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں