’پارٹی فوج مخالف عناصر سے دوری اختیار کرے‘ عمران خان کی ہدایت

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پارٹی کو فوج مخالف عناصر سے دوری اختیار کرنے کی ہدایت کردی۔ صحافی انصارعباسی نے رپورٹ کیا ہے کہ جیل میں قید چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اپنی پارٹی قیادت کو ہدایت کی ہے کہ ایسے تمام عناصر سے دور رہیں جو پی ٹی آئی اور فوج کے درمیان تعلقات کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، پارٹی کے اندر یا باہر موجود ایسے عناصر کی مذمت کی جائے۔
انگریزی روزنامہ دی نیوز نے پی ٹی آئی کے سینئر نائب صدر شیر افضل خان مروت کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ انہیں عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ پارٹی اور سوشل میڈیا پر موجود ایسے افراد سے لاتعلقی اختیار کی جائے جو فوج کو ہدف بنا رہے ہیں، اسے بدنام کر رہے ہیں یا پھر فوج کے خلاف نفرت پھیلا رہے ہیں، یہ تاثر دور کیا جائے کہ پی ٹی آئی فوج کے خلاف ہے، میرے حامی اور سوشل میڈیا پر موجود کارکن فوج مخالف بیانیہ اختیار نہ کریں۔
اس حوالے سے کہا گیا ہے کہ عمران خان نے ملک اور قوم کیلئے قربانیاں دینے والے مسلح افواج کے شہداء کو خراج تحسین پیش کیا ہے اور چیئرمین پی ٹی آئی ہمیشہ سے سمجھتے ہیں کہ فوج ملک کی سلامتی اور دفاع کے لیے انتہائی اہم ہے، عمران خان نے شہید نوجوان افسران اور فوجیوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور یقین دہانی کرائی ہے کہ پی ٹی آئی ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑی رہے گی، شہداء قوم کا فخر ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں