190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان و دیگر کیخلاف نیب ریفرنس دائر

اسلام آباد : قومی احتساب بیورو نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان اور دیگر کے خلاف نیب ریفرنس دائر کردیا۔ تفصیلات کے مطابق نیب کی جانب سے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان او ردیگر کے خلاف ریفرنس اسلام آباد کی احتساب عدالت میں دائر کیا گیا ہے، ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نے تفتیشی افسر میاں عمر ندیم کے ہمراہ عدالت میں ریفرنس دائر کیا، جس کے بعد احتساب عدالت کے رجسٹرار آفس نے ریفرنس کی جانچ پڑتال شروع کردی۔
بتایا گیا ہے کہ نیب راولپنڈی نے ریفرنس میں مجموعی طور پر 8 ملزمان کے نام دیئے ہیں، نیب کی جانب سے دائر ریفرنس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف سابق وزیراعظم عمران خان، ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی، فرح گوگی، سابق مشیر احتساب شہزاد اکبر، ملک ریاض، علی ریاض، بیرسٹر ضیا المصطفیٰ نسیم اور زلفی بخاری کو ملزم نامزد کردیا گیا۔
معلوم ہوا ہے کہ وفاقی حکومت نے 190 ملین پاونڈ اور سائفرکیس کے جیل میں ٹرائل کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کرلیے ہیں اور وفاقی کابینہ کی جانب سے دونوں کیسز میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے جیل ٹرائل کی منظوری دے دی گئی ہے، اس مقصد کے لیے وزارت قانون و انصاف کی سمری پر کابینہ سے سرکولیشن کے ذریعے منظوری لی گئی، جس کے تحت سابق وزیراعظم اور شاہ محمود قریشی سمیت دیگر افراد کے خلاف آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت اڈیالہ جیل میں ہی ٹرائل ہوگا، آفیشل سیکرٹ ایکٹ خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات ذو القرنین کے فیصلے کی روشنی میں وفاقی کابینہ سے منظوری لی گئی، کابینہ کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے جیل ٹرائل کالعدم قرار دینے سے متعلق فیصلے سے بھی آگاہ کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں