خاتون کو مشتعل ہجوم سے بچانے والی بہادر اے ایس پی کی آرمی چیف سے ملاقات

راولپنڈی : آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستانی خواتین زندگی کے تمام شعبوں میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سیدہ شہربانو نقوی کی آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نشانِ امتیاز (ملٹری) سے جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں ملاقات ہوئی، نڈر آفیسر شہربانو نقوی نے 26 فروری 2024ء کو لاہور کے اچھرہ بازار کے مشتعل ہجوم سے ایک خاتون کو بحفاظت نکالا، ملاقات کے موقع پر آرمی چیف نے اے ایس پی شہربانو کی ڈیوٹی کے دوران بے لوث لگن اور ایک غیر یقینی صورتحال پر قابو پانے میں پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ پیش کرنے پر تعریف کی۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ’پاکستانی خواتین زندگی کے تمام شعبوں میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں، آزادی کے بعد سے پاکستانی خواتین نے اپنی قابلیت، استقامت اور عزم کی وجہ سے اندرون و بیرونِ ملک خود کو ممتاز کیا ہے، خواتین پاکستانی معاشرے کا ایک انمول حصہ ہیں اور ان کا احترام ہمارے مذہب کے ساتھ ساتھ ہماری معاشرتی اقدار میں بھی شامل ہے‘۔
آئی ایس پی آر سے معلوم ہوا ہے کہ اس موقع پر آرمی چیف نے سماجی ہم آہنگی کی اہمیت اور عدم برداشت کو روکنے کے لیے ملک گیر اتفاق رائے کی ضرورت پر بھی زور دیا، انہوں نے قانون کی حکمرانی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تحفظات اور شکایات کے حل کے لیے قانونی راستے میسر ہوتے ہوئے قانون کو ہاتھ میں نہ لیا جائے، بدعت کی بنیاد پر من مانی کارروائیاں معاشرے کے نقطہ نظر کو کمزور کرتی ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اس ملاقات کے دوران آرمی چیف نے اسلام کے حسن سلوک اور احسان کے ابدی پیغام پر بھی روشنی ڈالی، علاوہ ازیں جنرل سید عاصم منیر نشانِ امتیاز (ملٹری) نے پاکستان کے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو بھی سراہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں