اسرائیل کے حامی امریکی اداکار سین فیلڈ کی تقریر کے دوران احتجاج

اسرائیل کے حامی امریکی کامیڈین اور اداکار سین فیلڈ کی تقریر کے دوران امریکی یونی ورسٹی کے طلبہ نے فلسطین کی حمایت میں شدید احتجاج کرتے ہوئے واک آؤٹ کیا۔

سوشل میڈیا پر واقعے کی ویڈیو بھی سامنے آگئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ درجنوں طلباء ڈیوک یونیورسٹی کی گریجویشن کی تقریب سے واک آؤٹ کرگئے۔

جیری سین فیلڈ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے طلبہ نے “فری فری فلسطین” کے نعرے بھی لگائے۔ نارتھ کیرولینا یونیورسٹی کے فٹ بال اسٹیڈیم میں ہونے والی اس تقریب میں طلبہ نے فلسطینی جھنڈے بھی لہرادیے۔ مظاہرین میں سے کچھ ایک طلبہ نے فلسطین رومال کوفیہ بھی پہنا ہوا تھا، جو فلسطینی کاز کے ساتھ یکجہتی کی علامت ہے۔

غزہ جنگ میں ہزاروں فلسطینی بچوں کی شہادت کے باوجود اداکار سین فیلڈ کہتے ہیں کہ وہ ہمیشہ اسرائیل اور یہودیوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ ڈیوک یونی ورسٹی کی طرف سے اداکار کو اعزازی ڈگری بھی دی گئی اور انہیں تقریر کا موقع بھی فراہم کیا گیا، جس پر یہ طلبہ برہم تھے۔

دوسری جانب ڈیوک کے ترجمان فرینک ٹرامبل نے جاری بیان میں کہا کہ ہم اپنی کمیونٹی کے احساسات و جذبات کو سمجھتے ہیں اور ہر ایک کے حق کا احترام کرتے ہیں کہ وہ پرامن طریقے سے اپنے خیالات کا اظہار کریں۔

واضح رہے کہ اسرائیل کے خلاف طلبہ کے احتجاج نے امریکی یونی ورسٹیز کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ طلباء اپنی یونیورسٹیوں سے اسرائیل کو اسلحہ فراہم کرنے والی کمپنیوں سے قطع تعلقی اختیار کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں