یہ وردی نہیں قومی خدمت ہے جو چند افراد کے حصے میں آتی ہے،مریم نواز

لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ یہ وردی نہیں قومی خدمت ہے جو چند افراد کے حصے میں آتی ہے، مجھے آج جان کر خوشی ہوئی کہ پاس آوٹ ہونے والے 860 جوانوں میں 70 خواتین ہیں، میں ان کے والدین کو مبارکباد دینا چاہتی ہوں اور جب قوم کی بیٹیاں لڑکوں کے شانہ بشانہ اپنے فرائض انجام دیں گی تو ہم کو فخر ہوگا۔
لاہور کے بیدیاں ٹریننگ سنٹر میں ایلیٹ فورس پنجاب کی پاسنگ آوٹ پریڈ تقریب کا انعقاد کیا گیا ، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بطور مہمان خصوصی تقریب میں شریک ہوئیں۔ مریم نوازنے خود بھی پولیس کی وردی زیب تن کی ہوئی تھی۔تقریب میں صوبائی کابینہ کے ارکان اورآئی جی پنجاب بھی شریک ہوئے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے پریڈ کا معائنہ بھی کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں پاس آوٹ ہونے والے جوانوں کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔

860 ایلیٹ فورس کے جوان پاس آوٹ ہو رہے ہیں۔مجھے آج جان کے خوشی ہوئی کہ پاس آوٹ ہونے والے 860 جوانوں میں 70 خواتین ہیں۔جب میں گھر سے نکلتی ہوں تب کندھوں پر ذمہ داری کا احساس ہوتا ہے۔انہوں نے کہاکہ مجھے بطور وزیراعلیٰ آپ کی پاسنگ آوٹ دیکھ کرحوصلہ ملا، میں آپ ہی میں سے ہوں۔آپ کی یونیفارم پہن کر آئی ہوں۔بہترین کارکردگی دکھانے والوں کو اپنی طرف سے کیش انعامات بھی بھجواوں گی۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ والدین نے اپنی بچیوں پر اعتماد کیا، ملک کی خدمت کیلئے وقف کیا، ایلیٹ فورس کی بچیاں بیٹوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہوکر اپنے فرائض انجام دیں گی۔جب بھی میں کسی شہید کو دیکھتی ہوں تو دل میں سوچتی ہوں کہ شہادت کا جذبہ بھی کیا جذبہ ہے کہ والدین اپنے بچوں کو مٹی پر قربان ہونے کیلئے اتار دیتے ہیں، میں اس جذبے کو سلام کرتی ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایلیٹ فورس کے 85 جوان شہید ہوچکے ہیں، میں ان شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتی ہوں اور دعا کرتی ہوں کہ اللہ ان کو بلند درجات سے نوازے، قرآن کہتا ہے کہ شہید ہمیشہ زندہ رہتے ہیں، ہمیں خبر نہیں لیکن وہ لوگ زندہ ہیں، انسپکٹر جنرل کے ساتھ میرا رابطہ رہتا ہے، وہ جرات مند انسان ہیں، وہ پولیس فورس میں کافی تبدیلیاں لارہے ہیں، میں ان کو کہتی ہوں کہ ان کو جس بھی سہولت کی ضرورت ہوگی وہ ان کو ملے گی، وسائل میں کمی نہیں آئے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں