اشیاء خورد و نوش کے نرخ مزید نیچے آئیں گے، وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں اشیاء خورد و نوش کے نرخ مزید نیچے آئیں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مختلف اضلاع کے ارکان پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی، ارکان اسمبلی نے روٹی، ڈبل روٹی اور دیگر اشیاء خورد و نوش کے نرخ میں کمی پر وزیراعلیٰ پنجاب کو خراج تحسین کیا، اجلاس میں ارکان اسمبلی نے عوامی مسائل، تجاویز اور سفارشات پیش کیں، جس پر مریم نوازشریف نے ارکان اسمبلی کو عام آدمی سے قریبی رابطہ رکھنے کی ہدایت کی۔
ارکان اسمبلی کا کہنا ہے کہ پونے تین ماہ میں روٹی اوردیگر اشیاء کے نرخ میں کمی ریکارڈ کے مترادف ہے، مریم نوازشریف غریب آدمی کیلئے بہت کچھ کررہی ہیں، وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کا پارلیمنٹرین سے مسلسل رابطہ خوش آئند اوراچھی روایت ہے، وزیراعلیٰ مریم نوازشریف اختراعی آئیڈیاز لے کر عوام کی فلاح وبہبود کے بہترین کام کررہی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کچھ لوگ کہتے تھے ہم آلو پیاز کیلئے حکومت میں نہیں آئے لیکن جب مسلم لیگ (ن) کی حکومت آتی ہے تو نرخ نیچے گرتے ہیں، پرائس کنٹرول اور دیگر امور کیلئے الگ سسٹم بنا رہے ہیں، جس سے اشیاء خورد و نوش کے نرخ مزید نیچے آئیں گے، پنجاب کے کاشتکاروں کے لیے بہت بڑا کسان کارڈ پراجیکٹ لارہے ہیں، گندم خریداری میں گھپلے ہوتے تھے، اب ڈائریکٹ کسان کوسبسڈی دیں گے، وفاقی حکومت کو زرعی مشینری اور ٹریکٹر وغیرہ پر امپورٹ ڈیوٹی کم کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔

مریم نواز کا یہ بھی کہنا ہے کہ صوبے کے بڑے شہرروں میں ہائبرڈ بسیں لارہے ہیں اور نوجوانوں کو موٹر سائیکل دیں گے، دو سے چار مرلے کے پلاٹ پر گھر بنانے کیلئے قرضے کی تجویز زیر غور ہے، بے گھر لوگوں کو گھر بنا کر دیں گے، دیہات میں پلاٹ دینے کا جائزہ لے رہے ہیں، نوازشریف آئی ٹی سٹی کیلئے چین سمیت دیگر ممالک رابطے کررہے۔ بتایا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کرنے والوں میں ارکان صوبائی اسمبلی حنا پرویز بٹ، مرغوب احمد، کاشف پڈھار، محمد حسن ریاض، نعیم صفدر انصاری، غزالی سلیم بٹ، زاہد اکرم، طارق سبحانی، محمد سلمان نعیم، قاسم ندیم، سابق رکن پنجاب اسمبلی چوہدری شہباز اور بلال ذوالفقار علی کھوکھر شامل تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں