بیرون ملک پناہ لینے والوں کو پاسپورٹ جاری نہ کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد : وزارت داخلہ نے بیرون ملک پناہ لینے والوں کو پاسپورٹ جاری نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملکی سلامتی اور سکیورٹی کے تناظر میں یہ فیصلہ کیا ہے، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنی وزارت کو اس سلسلے میں اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں، وزیر داخلہ کی ہدایت پر وزارت داخلہ نے اس حوالے سے مراسلہ وزارت خارجہ اور دیگر متعلقہ حکام کو ارسال کردیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ایسے تمام پاکستانی جو کسی بھی بنیاد پر دوسرے ممالک میں پناہ لیں گے ان کو پاسپورٹ جاری نہیں کیا جائے گا، نا صرف ایسے پاکستانیوں کے پاسپورٹ منسوخ کردیے جائیں گے بلکہ ان کے پاس پہلے موجود پاسپورٹ کی دوبارہ تجدید بھی نہیں کی جائے گی۔
چند روز قبل وزیر داخلہ محسن نقوی نے لندن میں پاسپورٹ اور نادرا سنٹرز کا دورہ کیا، اس دوران انہوں نے دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کو پاسپورٹ کے اجراء میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کیلئے انہیں ارجنٹ پاسپورٹ 7 روز میں جاری کرنے کا حکم دیا، نارمل پاسپورٹ 30 روز میں جاری ہوگا، اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ اس پالیسی کا اطلاق دنیا بھر میں موجود تمام پاکستانی مشنز پر ہوگا، اس وقت اوورسیز پاکستانیوں کو نارمل پاسپورٹ 4 ماہ اور ارجنٹ پاسپورٹ ڈیڑھ ماہ میں مل رہا ہے، آئندہ پاسپورٹ میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، مقرر کردہ مدت کے اندر پاسپورٹ جاری نہ ہوا تو متعلقہ افسران کے خلاف ایکشن لوں گا۔

بتایا گیا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ نے پاسپورٹ کی مقررہ مدت میں فراہمی یقینی بنانے کیلئے مانیٹرنگ سیل بھی قائم کر دیا ہے، وفاقی وزیر داخلہ کی پی ایس او اے ایس پی شہر بانو مانیٹرنگ سیل کو ہیڈ کریں گی، وفاقی وزیر داخلہ کے لندن میں پاسپورٹ اور نادرا سنٹرز کے دورے کے دوران سنٹرز میں موجود اوورسیز پاکستانیوں نے نادرا کی کارکردگی کو سراہا اور کسی نے بھی نادرا کے حوالے سے شکایت نہیں کی جس پر محسن نقوی نے نادرا سٹاف کو شاباش دی، محسن نقوی نے پاسپورٹ اور نادرا کے عملے کی کمی کا نوٹس لیا اور عملے کی کمی پوری کرنے کیلئے مؤثر سٹاف مینجمنٹ کا حکم دیا، انہوں نے پاسپورٹ اور نادرا سنٹرز کے عملے سے ملاقات کی اور اوورسیز پاکستانیوں کو پاسپورٹ متعین مدت میں جاری کرنے کی ہدایت کی، دورے میں محسن نقوی سنٹرز میں موجود اوورسیز پاکستانیوں سے بھی ملے اور ان سے مسائل کے بارے میں پوچھا، برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل بھی وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے ہمراہ تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں