لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ستھرا پنجاب پروگرام کے فوری آغاز کا حکم دیدیا،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں ستھرا پنجاب پروگرام، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سروسز کی آوٹ سورسنگ پر بریفنگ دی گئی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ سرگودھا اور ساہیوال کی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیاں بھی جلد پوری طرح فنکشنل ہو جائیں گی۔
پنجاب بھرمیں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کیلئے361 نجی کمپنیاں رجوع کر چکی ہیں۔اس موقع پر پنجاب بھر میں صفائی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا، وزیراعلیٰ نے چھوٹے بڑے شہرو ں کے تمام علاقوں کی یکساں صفائی کی ہدایت کی، اس کے علاوہ انہوں نے نالوں کی صفائی کی ذمہ داری میں کوتاہی نہ برتنے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اربن، سیمی اربن اور رورل علاقوں کی بھرپور صفائی یقینی بنائی جائے، لاہور اور سرگودھا سمیت متعدد شہروں میں صفائی کی صورتحال تسلی بخش نہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے صاف ستھرا پنجاب مہم کا آغاز کرنے کا اعلان کیا گیاتھا۔اس حوالے سے صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات عظمیٰ بخاری نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھاکہ نئے نظام متعارف کروا جائیگا۔مریم نوازصحت ،تعلیم کے شعبے کیلئے اقدامات کررہی ہیں۔انہوں نے صاف ستھرا پنجاب مہم کے آغاز سے متعلق بتاتے ہوئے کہا تھاکہ امراءکے محلوں میں تو صفائی ستھرائی دیکھنے کو ملتی ہیں لیکن غریبوں کو کوئی نہیں پوچھتا۔
مریم نواز نے گلی محلوں کی صفائی کا حکم دیا تھا۔انہوں نے کہا کہ تمام معاملات پر مریم نواز کی زیرو ٹالرنس ہے۔ مریم نواز نےصفائی ستھرائی کےلئے ایک ماہ کی ڈیڈ لائن دی تھی۔انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ صاف ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت شہروں اور دیہاتوں میں باقاعدہ مہم شروع کی جا ئیگی اور لوگوں کو بتایاجائیگا کہ اپنے ارد گرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں صفائی کتنی ضروری ہے۔