لاہور : صوبہ پنجاب میں 450 کلو میٹر طویل 3 نئے روڈ کوریڈور بنانے کی منظوری دے دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں مختلف شہروں میں نئے کوریڈور بنانے کی منظوری دی گئی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ساہیوال سے چیچہ وطنی، رجانہ سے لیہ تک دو رویہ سڑک بنائی جائے گی، دیپالپور سے وہاڑی تک سنگل روڈ کو دو رویہ سڑک میں تبدیل کیا جائے گا جب کہ شور کوٹ جھنگ چراغ والی تک نئی دو رویہ سڑک بنائی جائے گی۔
بتایا گیا ہے کہ 210 ارب روپے کی لاگت سے تینوں پراجیکٹ دسمبر 2025ء تک مکمل ہوں گے، تینوں کوریڈور ایشین ڈویلپمنٹ بینک اور حکومت پنجاب کے اشتراک کار سے مکمل کئے جائیں گے، وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے تین ماہ میں نئے کوریڈور پر تعمیرات شروع کرنے کا حکم دے دیا، انہوں نے کہا ہے کہ بڑے شہر وں کو منسلک کرنے والے روڈز کوریڈورز سے عوام کو آمدورفت میں آسانی ہوگی، روڈ کوریڈور پراجیکٹ نہ صرف سفری مشکلات کو کم کرے گا بلکہ معاشی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
علاوہ ازیں وزیراعلی مریم نواز نے پنجاب سپیشل برانچ کے چار پراجیکٹس کا افتتاح کردیا، وزیر اعلی نے سپیشل برانچ ہیڈکوارٹر کے ای لرننگ سنٹر، سپیشل برانچ ڈیجیٹل لائبریری ، سپیشل برانچ ہیڈ کوارٹر لیڈیز لاونج اور سپیشل برانچ ہیڈ کوارٹر ڈے کئیر سنٹر کا ا فتتاح کیا، مریم نواز نے ڈے کیئر میں موجود بچوں کے ساتھ تصویر بنوائی اور انہیں پیار کیا، انہوں نے لائبریری میں موجود سٹاف اور وزیٹر سے بھی بات چیت کی اور لائبریری میں سو سال سے زیادہ پرانے ریکارڈ کا معائنہ کیا، وزیر اعلی نے سپیشل برانچ کے ڈی ایس آر آرکائیو میں دلچسپی کا اظہار کیااور1901 کی ڈیلی سیچوئیشن رپورٹ میں درج واقعات کا مطالعہ کیا۔
Load/Hide Comments