بشریٰ بی بی کی مشکلات میں اضافہ‘ 11 مزید کیسز میں ملزم نامزد

اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 9 مئی کے 11 کیسز میں ملزم نامزد کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق وزیراعظم کی اہلیہ کے خلاف درج کیسز کی تفصیلات فراہمی کیس کی سماعت ہوئی جہاں راولپنڈی اور اسلام آباد پولیس نے اپنا جواب جمع کروایا، جس سے معلوم ہوا کہ راولپنڈی پولیس نے بشریٰ بی بی کو 9 مئی کے 11 کیسز میں ملزم نامزد کردیا ہے، پولیس نے بشریٰ بی بی کے خلاف راولپنڈی میں درج 11مقدمات کی تفصیلات عدالت میں پیش کی، سی پی اوراولپنڈی کی جانب سے رپورٹ اسلام آبادہائی کورٹ میں پیش کی گئی۔
سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر رافع مقصود نے عدالت کو بتایا کہ ’پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف نیب میں 4 کیس درج ہیں، جن میں سے تین کیس نیب راولپنڈی میں درج کیے گئے ہیں جب کہ ایک کیس نیب لاہور میں درج ہے‘، ایف آئی اے اور بلوچستان پولیس نے جواب جمع نہیں کروایا، جس پر عدالت ایف آئی اے اور بلوچستان پولیس کو پیر کے لیے دوبارہ نوٹس جاری کر دیا۔
دوسری طرف احتساب عدالت اسلام آباد نے نئے توشہ خانہ ریفرنس میں تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 10 روز کی توسیع کر دی ہے، احتساب عدالت کے جج محمد علی وڑائچ نے نئے توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان اور بشری بی بی کے جسمانی ریمانڈ کے معاملے پر سماعت اڈیالہ جیل راولپنڈی میں کی، سماعت کے دوران نیب کے پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی اپنی ٹیم کے ہمراہ پیش ہوئے جب کہ عمران خان اور بشری بی بی کو بھی جیل سے عدالت میں پیش کیا گیا، دوران سماعت نیب کی جانب سے سابق وزیراعظم اور بشری بی بی کے مزید 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں