اسلام آباد : نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے منکی پاکس کے بڑھتے ہوئے کیسز اور زیکا وائرس کے پھیلاؤ کے پیشِ نظر الرٹ جاری کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اب تک منکی پاکس کے 9 کیسز سامنے آئے جن میں سے ایک ہلاکت ہو چکی ہے، پاکستان میں منکی پاکس کے سارے مریض عرب ممالک سے آئے تھے۔
این سی او سی حکام کا بارڈر ہیلتھ سروسز سے کہنا ہے کہ بیرونِ ملک سے پاکستان آنے والے مسافروں کی نگرانی کی جائے، منکی پاکس کے مشتبہ مریضوں کو خصوصی وارڈز میں قرنطینہ کیا جائے کیوں کہ پاکستان میں منکی پاکس کی بیماری مقامی طور پر موجود نہیں ہے بلکہ دیگر ممالک سے آنے والے مسافروں کے ذریعے یہاں پہنچ رہی ہے۔ اپنے الرٹ میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے یہ بھی کہا ہے کہ بھارت کے شہر پونے میں اب تک زیکا وائرس کے 80 سے زائد کیسز سامنے آچکے ہیں اس کی وجہ سے وہاں کئی ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں جب کہ پاکستان میں زیکا وائرس پھیلانے والا مچھر موجود ہے، آغا خان یونیورسٹی کے مطابق سال 2021/22ء کے عرصے کے دوران صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں زیکا وائرس کی موجودگی کنفرم ہوئی تھی۔
بتایا جارہا ہے کہ منکی پاکس ابتدائی طور پر بندروں میں پائی جانی والی بیماری تھی جو 1970ء کے بعد افریقہ کے مغربی حصے میں پھیلی اور کئی دہائیوں تک وہیں پھیلتی رہی، منکی پاکس عام طور پر صرف افریقی خطے میں پایا جاتا ہے اور کئی دہائیوں سے مذکورہ مرض کے کیسز کسی دوسرے خطے میں سامنے نہیں آئے تھے۔ حالیہ دنوں میں اس بیماری کے پھیلاؤ کے باعث افریقہ کے صحت کے سب سے بڑے ادارے نے منکی پاکس کو ایمرجنسی قرار دیا ہے، افریقہ سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن (افریقہ سی ڈی سی) نے وائرل انفیکشن کے پھیلاؤ کی خطرناک شرح سے خبردار کیا، جو قریبی رابطے سے پھیلتا ہے اور فلو جیسی علامات اور پیپ سے بھرے زخموں کا سبب بنتا ہے، زیادہ تر کیسز ہلکی نوعیت کے ہوتے ہیں لیکن یہ جان لے سکتے ہیں۔
Load/Hide Comments