شردھا کپور بھی پاکستانی گانے ‘بلاک بسٹر’ کی دیوانی نکلیں

ممبئی: بالی ووڈ کی سُپر ہٹ فلم ‘استری 2′ کی ہیروئن شردھا کپور بھی پاکستانی سپر ہٹ گانے ‘بلاک بسٹر’ کی فین نکلیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شردھا کپور ان دنوں اپنی نئی فلم ‘استری 2′ کی تشہیری مہم میں مصروف ہیں، اس ضمن میں وہ مختلف خبر رساں اداروں کو انٹرویوز بھی دیتی نظر آرہی ہیں۔

اب حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران، شردھا کپور نے اپنے پسندیدہ گانے کے بارے میں بتایا، اداکارہ نے کہا کہ ان دنوں ایک گانا مجھے بہت پسند آرہا ہے جو میری میوزک پلے لِسٹ میں بھی ٹاپ پر ہے، یہ گانا گلوکار فارس شفیع، عمیر بٹ اور گھڑوی گروپ کا ‘بلاک بسٹر’ ہے۔
شردھا کپور نے کہا کہ یہ گانا نہ صرف بہترین ہے بلکہ اس کے بیٹس بھی بےحد کمال کے ہیں، اداکارہ کے پسندیدہ گانے کا نام سُن کر اُن کے ساتھ بیٹھے اداکار راجکمار راؤ نے ‘بلاک بسٹر’ کی دُھن گنگنائی۔

بھارتی اداکارہ کی یہ ویڈیو کلپ گانا ‘بلاک بسٹر’ کے میوزک کمپوزر ذوالفقار جبار خان المعروف ‘زلفی’ نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر پوسٹ کی۔

زلفی نے ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ واہ! یہ دیکھ کر بہت خوشی ہوتی ہے کہ فن کی حوصلہ افزائی سرحدوں کی محتاج نہیں، مجھے یہ جان کر بہت اچھا لگا کہ میرا گانا ‘بلاک بسٹر’ شردھا کپور کی پلے لِسٹ میں ٹاپ پر ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ راجکمار راؤ نے جس طرح ‘بلاک بسٹر’ کی دُھن گنگنائی، وہ دیکھ کر خوشی محسوس ہوئی، ہم بھی آپ کے فن کو بہت پسند کرتے ہیں، آپ دونوں کی فلم ‘استری 2′ کی کامیابی کے لیے میری نیک خواہشات آپ کے ساتھ ہیں۔

واضح رہے کہ رواں سال 25 مئی کو ریلیز ہونے والے گانے ‘بلاک بسٹر’ نے یوٹیوب پر 35 ملین سے زائد ویوز حاصل کرلیے ہیں، اس گانے کے گلوکاروں میں فارس شفیع، عمیر بٹ اور گھڑوی گروپ شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں