واشنگٹن: صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے الیکشن کیس میں ابھی ان کی مشکلات کم نہیں ہوئیں۔ نئی فرد جرم جاری ہونے پر سابق صدر کا ردعمل سامنے آگیا۔
امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر انتخابی مداخلت کا الزام لگانے والے وفاقی وکیل جیک اسمتھ نے سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کے جواب میں ایک نئی نظر ثانی شدہ فرد جرم جاری کی ہے۔
وکیل جیک اسمتھ کی اس نثر ثانی شدہ فردِ جرم میں بھی تقریباً وہی الزامات ہیں جو امریکی سپریم کورٹ کے فیصلے کی نشاندہی کرتے ہیں او جس میں ٹرمپ کو صدارتی استثنیٰ حاصل ہے۔
تاہم نئی فرد جرم میں زیادہ تر ان لوگوں کی نشاندہی کی گئی ہے جو سرکاری عہدیدار نہیں تھے بلکہ الیکشن نتائج کی تبدیلی اور کیپیٹل ہل پر حملے میں نجی حیثیت سے صدر ٹرمپ کے ساتھ رابطے میں تھے۔
فردِ جرم میں کہا گیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے 2020 کے صدارتی انتخابات کو ناکام بنانے کی کوشش کی اور ڈیموکریٹ امیدوار جو بائیڈن سے اپنی شکست کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا تھا۔
خیال رہے کہ یہ ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف 4 الزامات میں سے ایک ہے۔ وہ پہلے امریکی صدر ہیں جو ایک مقدمے میں مجرم بھی ثابت ہوئے۔ یہ مقدمہ کاروباری فراڈ سے متعلق تھا۔
تاہم سپریم کورٹ کے یکم جولائی کے ایک فیصلے کے باعث انھیں ایک صدارتی استثنیٰ حاصل ہوگئی تھی اور وہ سزا سے بچ گئے تھے۔