الیکشن کمیشن نے شاہ محمود کے بیٹے زین قریشی کے خلاف کیس خارج کردیا

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے رکن قومی اسمبلی زین قریشی کے خلاف الیکشن پر اثر انداز ہونے کا کیس خارج کردیا۔

اسلام آباد میں الیکشن کمیشن آف پاکستان میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے صاحبزادے اور رکن قومی اسمبلی زین قریشی کے خلاف الیکشن پر اثر انداز ہونے کے کیس کی سماعت ہوئی ۔ درخواست گزار ملک محمد ارشد اور رکن قومی اسمبلی زین قریشی الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔

درخواست گزار نے کہا کہ ملتان کے حلقے میں ضمنی الیکشن کے موقع پر رکن قومی اسمبلی زین قریشی نے پبلک ٹرانسپورٹ کا افتتاح کیا اور ترقیاتی منصوبوں پر پابندی کے باوجود ترقیاتی کام کرائے، زین قریشی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے۔
زین قریشی کے وکیل نے کہا کہ حلقے میں کوئی بینر اور پوسٹر تک نہیں لگایا، فیڈر بسیں ہیں جو شہریوں کو میٹرو بس اسٹیشنز تک پہنچاتی ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ہم اس منصوبے کو بند کرنے کے احکامات جاری کر دیتے ہیں، کیا آپ نے جو افتتاح کیا ہے اس پر معذرت کرتے ہیں۔

رکن قومی اسمبلی زین قریشی نے غیر مشروط طور پر الیکشن کمیشن سے معافی مانگ لی جس پر الیکشن کمیشن نے ان کے خلاف کیس خارج کر دیا۔

واضح رہے کہ زین قریشی پر پی پی 218 ملتان ضمنی انتخاب میں اثرانداز ہونے کا الزام تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں