وسیم خان رواں سال سری لنکا کے دورہ پاکستان کیلئے پرامید

پاکستان محفوظ ملک ہے جہاں مثالی سیکیورٹی کو ساری دنیا نے سراہا،ایم ڈی پی سی بی
راولپنڈی(اسپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان رواں سال سری لنکن ٹیم کے دورہ پاکستان کیلئے پرامید ہیں جن کا کہنا ہے کہ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے جہاں مثالی سیکیورٹی کو ساری دنیا نے سراہا اور اسی بنیاد پر پی ایس ایل کا پانچواں ایڈیشن مکمل طور پر پاکستان میں کرانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کے دورے پر میڈیا سے گفتگو میں وسیم خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے راولپنڈی اسٹیڈیم کا جائزہ لیا ہے اور چونکہ رواں سال ستمبر اور اکتوبر میں سری لنکا کیخلاف سیریز شیڈول ہے لہٰذا کوشش یہی ہے کہ اس کے تمام میچز پاکستان میں کھیلے جائیں۔ان کا کہنا تھا کہ سری لنکا سمیت کئی ممالک کے سیکیورٹی وفود نے حال ہی میں پاکستان آکر سیکیورٹی انتظامات دیکھے اور ان کی جانب سے مثبت جوابات موصول ہوئے ہیں اور اسی بنیاد پر انہیں توقع ہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بہت جلد بحال ہو جائے گی۔وسیم خان کے مطابق ساری دنیا نے پی ایس ایل میں سیکیورٹی کو دیکھا اور تعریف بھی کی لہٰذا اب پاکستان میں کھیل کی بحالی کیلئے سخت فیصلوں سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔منیجنگ ڈائریکٹر پی سی بی کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ کرکٹ معاملات پر اپنی عزت ہر صورت مقدم رکھیں گے اور اگر بی سی سی آئی کوئی بھی مسئلہ آئی سی سی میں لے کر جاتا ہے تو اس کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور یہ بات پیش نظر رکھی جائے گی کہ کھیل میں سیاست کی آمیزش نہ کی جائے ۔ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے آئندہ ایڈیشن کیلئے راولپنڈی سمیت دیگر سینٹرز کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور ڈومیسٹک کرکٹ کی بہتری کو اولین ترجیح کے طور پر سامنے رکھا گیا ہے جس کا پورا انفرااسٹرکچر تبدیل کرتے ہوئے فرسٹ کلاس کرکٹ میں وکٹوں اور کوچنگ کے معیار کو بہتر بنایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں