جاپان میں برفانی کیکڑا، 46 ہزار ڈالر میں فروخت

ٹوکیو: جاپان کے شہر ٹوٹوری میں ایک برفانی کیکڑا (سنو کریب) 50 لاکھ ین یعنی 46 ہزار ڈالر میں فروخت ہوا ہے جس کی قیمت پاکستانی روپے میں 70 لاکھ روپے بنتی ہے۔

اسے پانچ روشن ستاروں والا درجہ دیا گیا ہے کیونکہ نر کیکڑے کا وزن سوا کلوگرام ہے اور اس میں گوشت کی وافر مقدار موجود ہوگی۔ ریکارڈ قیمت پر فروخت ہونے والے اس کیکڑے کو ملک کے انتہائی مہنگے ریستوران میں پکا کر فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔

اس کیکڑے کی لمبائی 14.6 سینٹی میٹر ہے جس نے اسی علاقے سے ملنے والے ایک اور برفانی کیکڑے کا ریکارڈ توڑ دیا ہے جو گزشتہ برس 18 ہزار ڈالر میں نیلام ہوا تھا لیکن اس نئے کیکڑے کی آخری بولی ٹیٹسوجی ہاماشیٹا نے لگائی ہے۔ لاکھوں روپے کا یہ کیکڑا چند متمول افراد کی پلیٹوں میں پہنچے گا۔

ٹیٹسوجی نے کہا کہ ’ میں جانتا ہوں کہ یہ ایک انتہائی فیصلہ ہے لیکن یہ ایک طرح کی جاپانی روایت بھی ہے، مجھے یقین ہے کہ کیکڑے کا ذائقہ اس کی قیمت کا نعم البدل ثابت ہوگا‘۔

ہرسال کی طرح جاپان میں اس سال برفانی کیکڑوں کی تلاش کا موسم اس ہفتے شروع ہوا اور بدھ کو اس سلسلے میں پہلی نیلامی ہوئی۔

جاپان میں برفانی کیکڑے مہنگے اور مرغوب غذا کا درجہ رکھتے ہیں۔ یہ ٹوٹوری پرفیکچر میں پائے جائے ہیں جو اوساکا اور ہیروشیما کے درمیان موجود ہونشو کے علاقےکے قریب واقع ہے۔

اس مہنگے ترین کیکڑے کو پانچ روشن ستارے کا اعزاز اس کی خاص شکل، بلند معیار، لمبے پاؤں اور گوشت کی وجہ سے دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں