کراچی میں مفتی تقی عثمانی کے قافلے پر فائرنگ، 2 افراد جاں بحق

کراچی: نیپا چورنگی کے قریب دارالعلوم کورنگی کے نائب مہتمم مفتی تقی عثمانی کے قافلے پر فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔

مطابق کراچی کے علاقے نیپا چورنگی کے قریب دارالعلوم کورنگی کے نائب مہتمم مفتی تقی عثمانی کے قافلے کو نامعلوم ملزمان کی جانب سے نشانا بنایا گیا جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جب کہ 2 زخمی ہوگئے، فائرنگ کے نتیجے میں مفتی تقی عثمانی محفوظ رہے تاہم ان کے گارڈ سمیت ڈرائیور جاں بحق ہوگیا جب کہ گاڑی میں سوار مولانا شہاب سمیت 2 افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق 2 موٹرسائیکل پر سوار 4 ملزمان نے مفتی تقی عثمانی کے قافلے پر نیپا کے قریب اندھا دھند فائرنگ کی، ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت عامر اور صنوبر خان کے نام سے ہوئی ہے، واقعہ میں نائن ایم ایم پسٹل کا استعمال کیا گیا جب کہ جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پسٹل کے 9 خول برآمد ہوئے ہیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مفتی تقی عثمانی کے قافلے پر فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے اور قاتلوں کی فوری گرفتاری کی ہدایات کی ہے، وزیراعلیٰ سندھ نے ایڈیشنل آئی جی کو تمام مساجد سمیت شہر بھر کی سیکیورٹی بھی سخت کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں