لاہور: فلم اسٹار ریما خان کا کہنا ہے کہ ہلال امتیازایوارڈ ملنے کا سوچا بھی نہیں تھا۔
فلم کے شعبے میں گراں قدر خدمات انجام دینے پر حکومت کی جانب سے ملنے والے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ پر جہاں دنیا بھر سے ان کے چاہنے والوں کی طرف سے نیک تمناؤں کے پیغام مل رہے ہیں وہیں ساتھی فنکاروں شان، ماہرہ خان، افضل خان ریمبو، صاحبہ، ہمایوں سعید، انجمن ، مدیحہ شاہ اور سنگیتا سمیت دیگر نے مبارکباد دینے کے ساتھ کہا کہ بہت کم فنکار ایسے ہوتے ہیں جو ثابت قدمی کے ساتھ ترقی کا سفر طے کرتے ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ میں نے کبھی سوچا نہ تھا کہ مجھے یہ ایوارڈ ملے گا۔ مگر اس کو پانے کے بعد جو خوشی محسوس کر رہی ہوں اس کو لفظوں میں بیان نہیں کرسکتی، مگر اتنا ضرور کہوں گی کہ یہ اللہ تعالیٰ کی خاص کرم نوازی سے ہی ممکن ہوا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر سے پرستاروں اور ساتھی فنکاروں کی طرف سے مبارکباد کے پیغامات موصول ہورہے ہیں جس پر دل کی گہرائیوں سے سب کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔ کیونکہ لوگوں کے پیار اور اعلیٰ سول ایوارڈ ملنے کے بعد میرے کاندھوں پر بھاری ذمہ داری آن پڑی ہے۔