پاکستان کپ :خیبرپختونخوا نے سندھ کو 9رنزسے زیرکرلیا

پاکستان کپ میں خیبر پختونخوا کی حکمرانی کا سلسلہ بدستور قائم ہے جس نے سندھ کو 9 رنز سے ہرا کر تیسری فتح کی بدولت سات پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن برقرار رکھی جس کیلئے ایونٹ میں دوسری سنچری سکور کرنے والے خوشدل شاہ مرد میدان قرار پائے ۔ایونٹ کے آٹھویں میچ میں راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم پر ٹاس جیت کر سندھ نے فیلڈ سنبھالی تو اننگز کے 37 ویں اوور تک خیبر پختونخوا کی چھ وکٹیں 178رنز پر گر چکی تھیں جس میں محمد سعد کے 69 اور عادل امین کے 23 رنز نمایاں تھے ۔اس موقع پر خوشدل شاہ نے 22 رنز بنانے والے سہیل خان کے ساتھ نصف سنچری شراکت قائم کی اور آٹھ چوکوں کے علاوہ پانچ چھکوں کی مدد سے 100 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو 300 رنز تک پہنچا دیا جو ان کی ایونٹ میں دوسری سنچری بھی تھی۔محمد الیاس اور حماد اعظم نے تین،تین جبکہ جنید خان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ سندھ کی جوابی اننگز میں صاحبزادہ فرحان اگرچہ 22 اور احسن علی 16رنز بنا سکے لیکن عمر صدیق نے دس چوکوں سمیت 69 اور عمر امین نے 32 رنز بنا کر حالات کو بہتر بنا دیا۔آصف علی نے 42 اور حماد اعظم نے 24 رنز بنا کر عمران رفیق کا ساتھ نبھانے کی کوشش کی جو آٹھ چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 61 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے لیکن نو وکٹوں پر 291 رنز تک رسائی ممکن ہو سکی۔زوہیب خان نے تین جبکہ وہاب ریاض اور عمید آصف نے دو،دو کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا۔آج نویں میچ میں فیڈرل ایریاز کا مقابلہ بلوچستان سے ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں