بیساکھی میلہ منانے کے لیے دنیا بھر سے سکھ یاتری پاکستان پہنچ گئے

لاہور: 320 واں خالصہ جنم دن اوربیساکھی میلہ منانے کے بھارت سمیت دنیا بھرسے سکھ یاتری پاکستان پہنچ گئے ہیں۔

بھارت سے2 ہزار کے قریب سکھ یاتری خصوصی ٹرینوں کے ذریعے اٹاری سے واہگہ ریلوے اسٹیشن پہنچے، سکھ یاتریوں کوواہگہ ریلوے اسٹیشن پر متروکہ وقف املاک بورڈکے چیئرمین طاہراحسان ، سیکرٹری بورڈطارق وزیرخا ن، سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے صدر سردار تاراسنگھ اورایم پی اے مہیندرپال سنگھ اورسرداربشن سنگھ نے استقبال کیا۔

بھارتی سکھ یاتریوں کو جتھہ لیڈر سردار ونندر سنگھ اورسرداردلجیت سنگھ سرنا کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ طاہراحسان نے کہا کہ وہ بھارتی مہمانوں کو گورونانک کی دھرتی پرخوش آمدیدکہتے ہیں، پاکستان میں گورونانک دیوجی کا 550 واں جنم دن منانے کی تیاریاں بھرپورطریقے سے جاری ہیں، بھارت سمیت دنیابھرسے سکھ یاتریوں کو مدعوکیاجارہاہے۔
وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری کی کے احکاما ت کے مطابق سکھ یاتریو ںکی مہمان نوازی کے لیے تمام تر سہولیات بروئے کار لائی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اتنی زیادہ تعداد میں سکھ یاتریوں کا آنا اس بات کی دلیل ہے کہ پاکستان پر امن اور اقلیت نواز ملک ہے ۔سکھ یاتریوں کی سیکورٹی ، رہائش، قیا م و طعام، سفری و میڈیکل سمیت تما م سہولیات و انتظامات مکمل ہیں ۔جو پچھلے سال کی نسبت اس بارزیادہ بہتر ہونگے۔

پاک فوج،رینجرز اور پنجاب پولیس کے جوان یاتریوں ہمراہ رہیں گے سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے پردھان سردارتاراسنگھ نے بتایا کہ سکھ یاتریوں کو یہاں سے سپیشل ٹرینوں کے ذریعے گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال پہنچایا جارہا ہے جہاں 14 اپریل کو خالصہ جنم دن اوربیساکھی کی مرکزی تقریب ہوگی۔

مرکزی تقریب میں اندرون اوربیرون ملک سے آئے ہوئے 25 ہزار سکھ یاتری شریک ہوں گے۔انہوں نے سکھ یاتریوں کو پاکستان میں قیام اورمختلف گوردواروں پرحاضری کے شیڈول سے بھی آگاہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں