کراچی میں اسپتال انتظامیہ کے خلاف بچی کو غلط انجکشن لگانے کا مقدمہ درج

کراچی: شارع فیصل پولیس نے طبی عملے کی غفلت سے بچی کی حالت غیر ہونے کا مقدمہ اسپتال انتظامیہ کے خلاف درج کر لیا۔

اسپتال انتظامیہ نے اپنی غفلت مانتے ہوئے بچی کے علاج پر ہونے والا پورا خرچہ ادا کرنے کی پیشکش کی ہے۔ گلستان جوہرمیں دارالصحت اسپتال میں زیر علاج 9 ماہ کی نشوا اسپتال انتظامیہ کی غفلت کے باعث ذہنی طور پر مفلوج ہونے کے بعد زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہوگئی۔

بچی کے والد قیصر نے شارع فیصل تھانے میں اسپتال انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا جس میں اقدام قتل اور اعضا کو نقصان پہنچانے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

بچی کے والد کا کہنا ہے انصاف کے حصول کے لیے ہرفورم پرجائیں گے تاکہ ایسا کسی اور کے ساتھ نہ ہو پائے، اسپتال انتظامیہ نے تسلیم کیا ہے کہ بچی کو غلطی سے انجکشن کی زیادہ ڈوز دی گئی ہے جس پر انہوں نے بچی کے علاج کے خرچ کی پیشکش کرتے ہوئے ذمہ دار افراد کو ملازمت سے برطرف کر دیا ہے۔

دارالصحت اسپتال کی انتظامیہ کی غفلت سے متاثرہ نشوا کو انجیکشن کی زائد مقدار لگا دی گئی جس کے باعث اس کی حالت غیر ہوئی جبکہ پولیس بھی اسپتال انتظامیہ کے خلاف فوری کارروائی کرنے سے گریز کر رہی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اب تفتیشی افسران ہی تحقیقات کے بعد ذمے داران کو گرفتار کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں