نئی دہلی:بھارت کی فضائیہ کا ایک اور طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق مائیکرولائٹ ٹو سیٹر طیارہ اترپردیش کے شہر الہ آباد میں گرا، طیارہ انجن فیل ہونے کے باعث حادثے سے دوچار ہوا، حادثے سے پہلے طیارے میں موجود پائلٹ نے خود کو ایجیکٹ کرلیا، جس سے وہ محفوظ رہا جب کہ حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے متعلقہ حکام کو فوری تفتیش کا حکم دے دیا گیا۔
دوسری طرف بھارتی خلائی تحقیقاتی ادارے (آئی ایس آر او) کا راکٹ ناکام ہو گیا جس کے ذریعے 16 سیٹلائٹس خلا میں بھیجے جا رہے تھے تاہم راکٹ لانچ کے تیسرے مرحلے میں تکنیکی خرابی پیش آئی، آئی ایس آر او نے لانچ کے فوراً بعد جاری بیان میں کہا کہ پی ایس ایل وی سی 62 مشن کو پی ایس3 مرحلے کے اختتام پر خرابی کا سامنا کرنا پڑا جس کے باعث مشن مکمل نہ ہو سکا، واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تفصیلی تجزیہ شروع کردیا گیا ہے۔
یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ گزشتہ برس 18 مئی کو بھی مشن کو تیسرے مرحلے کی خرابی کے باعث ناکامی کی ہزیمت اٹھانا پڑی تھی، یہ ناکامی بھارت کے خلائی پروگرام میں بڑھتی ہوئی کمزوریوں کا تسلسل ہے، خلائی مشنز میں بار بار ناکامی سے بھارت کی سٹریٹجک ٹیکنالوجی پر خطرناک سوالات اٹھ گئے، بھارت کی کمزور ٹیکنالوجی پورے خطے اور عالمی توازن کے لیے خطرہ بن چکی ہے۔
اس حوالے سے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ناکام راکٹ میں استعمال ہونے والی ٹیکنالوجی بھارت کے اگنی میزائل پروگرام سے بھی جڑی ہوئی ہے جو سنگین خدشات کو جنم دیتی ہے، اگر اسی ٹیکنالوجی کا حامل اگنی میزائل اصل ہدف کے بجائے کسی اور ملک میں جا گرے تو اس کے نتیجے میں ہونے والی جوابی کارروائی ناڑف بھارت بلکہ پورے خطے کیلئے تباہی کن ہوسکتی ہے۔
انڈین ایئر فورس کا ایک اور طیارہ گر کر تباہ




