بالا کوٹ حملے کے ناکام بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو ترقی دیدی گئی
نئی دہلی: بھارت نے بالاکوٹ حملے کے ناکام پائلٹ ابھی نندن کو ترقی دے دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کے مطابق جس وقت ابھی نندن کا جہاز گرا تھا اور پاکستان نے اسے باوقار انداز میں واپس کیا تھا تو بھارتی فضائیہ کے سربراہ نے اس کے بعد اپنی ایک رپورت میں کہا تھا کہ ابھی نندن جہاز اڑانے کے لیے فٹ نہیں ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ائیرفورس کے ونگ کمانڈر ابھی نندن کوگروپ کیپٹن کا رینک دے دیا گیا ہے۔بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو بالاکوٹ پر ناکام حملے کے دوران پاکستانی فوج نے حراست میں لیا تھا۔ بعد ازاں جذبہ خیر سگالی کے طور پر بھارتی پائلٹ کو چائے پلا کر اور سوٹ پہنا کر باوقار انداز میں واہگہ بارڈر کے ذریعے بھارتی حکام کے حوالے کیا گیا تھا۔
مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں 14 فروری 2019 کو بھارتی فوجی قافلے پر خود کش حملہ ہوا تھا جس میں 45 سے زائد اہلکار ہلاک ہوگئے تھے، بھارت نے اس کے بعد بغیر کسی ثبوت کے حملے کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہرانا شروع کردیا تھا۔26 فروری کو شب 3 بجے سے ساڑھے تین بجے کے قریب تین مقامات سے پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کی کوشش کی جن میں سے دو مقامات سیالکوٹ، بہاولپور پر پاک فضائیہ نے دراندازی کی کوشش ناکام بنادی لیکن آزاد کشمیر کی طرف سے بھارتی طیارے اندر کی طرف آئے جنہیں پاک فضائیہ کے طیاروں نے روکا جس پر بھارتی طیارے اپنے پے لوڈ گراکر واپس بھاگ گئے تھے۔