اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان رابطے میں عالمی و علاقائی امن و استحکام کیلئے جاری کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعظم نے سعودی عرب سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور ہر مشکل وقت میں سعودی عرب کے ساتھ کھڑے رہنے کا اعلان کیا، دونوں رہنماؤں نے خطے کی سلامتی کو درپیش خطرات پر تشویش کا اظہار کیا۔
علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے ایک بیان بھی سامنے آیا جس میں انہوں نے کہا کہ پاکستان مشرق وسطیٰ میں جاری بحران کے خاتمے کے لیے بامقصد مذاکرات کی میزبانی کے لیے تیار ہے، مذاکرات کی میزبانی کرنا پاکستان کے لیے باعث فخر ہے، خطے اور دنیا بھر میں امن و استحکام کے لئے مذاکرات ضروری ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان مشرق وسطیٰ میں جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات کی جاری کوششوں کا خیرمقدم کرتا ہے، امریکہ اور ایران کی رضامندی سے مشروط جامع تصفیے کے لئے مذاکرات کی سہولت فراہم کرنے کو تیار ہے، پاکستان نتیجہ خیز مذاکرات کی سہولت فراہم کرنے کے لئے میربانی کے حوالے سے تیار ہے اور اسے اعزاز سمجھتا ہے۔
وزیراعظم اور سعودی ولی عہد کا ٹیلیفونک رابطہ، علاقائی امن و استحکام کی کوششوں پر غور




